انٹر نیشنل

حج 2024 – خانہ کعبہ کو دیکھ کر خوشی کا احساس ناقابل بیان۔ عالمی ایتھلیٹ محمد فرح

ریاض ۔ کے این واصف

حج 2024 مین دنیا کی کئی معروف شخصیات نے فریضہ حج ادا کیا جن میں عالمی شہرت یافتہ ایتھلیٹ محمد فرح بھی شامل تھے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے بھی اس سال حج کی سعادت حاصل کی۔ سبق نیوز کو انٹرویو میں محمد فرح نے کہا کہ پہلی مرتبہ مکہ میں داخل ہونا اور مسجد الحرام پہنچ کر خانہ کعبہ کے سامنے موجودگی پر میرے وجود میں کپکپی سی ہونے لگی۔ خوشی کا ایک حیرت انگیز احساس ہوا جو بیان نہیں کیا جا سکتا۔

 

سو مالیہ میں پیدا ہوئے برطانوی شہریت کے حامل عالمی ایتھلیٹ کا کہنا تھا کہ میں پہلی مرتبہ یہاں آیا ہوں اور فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے موجود ہوں۔ پانچ وقت کی نمازیں ادا کرنے پر میں خدا کا شکر ادا کرتا ہوں۔محمد فرح نے کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد اور سعودی حکام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اتنی بڑی تعداد میں حجاج کو منظم کیا۔

 

میرے نزدیک اتنی بڑی تعداد میں حجاج کی میزبانی کرنا اور ان کی تمام ضروریات کا خیال رکھنا حیرت انگیز بھی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حج میں صحت، پانی اور دیگر خدمات کے حوالے سے تمام ضروریات کا خیال رکھنا بہت صبر آزما اور مشقت طلب کام ہے۔ تمام لوگوں کی کوششوں کو سراہا جانا چاہیے۔مملکت آمد سے اب تک کے تمام اقدامات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے حجاج کو فراہم کی جانے والی خدمات اور انتظامات قابل صد ستائش ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ سعودی انتظامیہ حجاج اور زائرین کی خدمت کے لیے ہمیشہ تیار رہتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button