حضور نظام کا سونے کا ٹفن باکس چوری کرنے کے واقعہ میں ملوث روڈی شیٹر کو عمر قید

حیدرآباد ۔ راجندر نگر کورٹ نے بدنام زمانہ روڈی شیٹر محمد غوث پاشا عرف شیخ غوث پاشا عرف خونی غوث (عمر 26 سال) ساکن چنٹل میٹ، راجندر نگر اور اس کے دو ساتھیوں محمد شعیب عرف ٹٹو اور محمد نصیر الدین عرف سیام کو عمر قید کی سزا سنائی۔
یہ فیصلہ معزز عدالت نے 2023 میں راجندر نگر کے جنا چیتنیہ، گولڈن ہائٹس کالونی کے قریب رونما قتل کی واردات میں سنایا گیا۔ملزم خونی غوث ایک عادی مجرم ہے جس کا مجرمانہ ریکارڈ بے حد سنگین ہے وہ اب تک 28 جرائم میں ملوث پایا گیا ہے جن میں فوجداری مقدمات، اقدام قتل،عصمت ریزی، قتل کے کیس بھی شامل ہیں۔ غوث نظامس میوزیم سے ہیرے جڑے سونے کا ٹفن باکس کے سرقہ کے واقعہ میں ملوث بھی تھا۔
حیدرآباد پولیس نے نظامس میوزیم سے قیمتی سونے کے ٹفن باکس اور دیگر نوادرات کی چوری کے مقدمہ میں محمد غوث پاشا عرف خونی غوث اور محمد مبین کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ملزمین نے سال 2018 نظامس میوزیم میں نقب لگا کر سونے کا ٹفن باکس، چائے کا کپ اور چمچ چوری کیا تھاجن کی مجموعی مالیت 100 کروڑ روپے سے زائد تھی۔ پولیس نے 15 خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر ملزمین کا سراغ لگایا اور گرفتاری عمل میں لائی گئی تھی۔