اے پی سی آر ، تلنگانہ کا اہم اجلاس -ایس آئی آر سے متعلق مسائل ، قانونی حکمتِ عملی اور ہیلپ لائن سنٹر کے قیام کا اعلان

اے پی سی آر ، تلنگانہ کا اہم اجلاس ، تنظیمی توسیع اور آئندہ لائحہ عمل پر غور
ایس آئی آر سے متعلق مسائل ، قانونی حکمتِ عملی اور ہیلپ لائن سنٹر کے قیام کا اعلان
حیدراآباد کے اے آر بینکوئٹ میں APCR تلنگانہ کا ایک اہم دن بھر کا اجلاس منعقد ہوا، جو ڈاکٹر شیخ محمد عثمان (جنرل سیکریٹری، APCR تلنگانہ) کی زیر نگرانی اور ندیم خان (نیشنل سیکریٹری) کی صدارت میں انجام پایا۔ اس اجلاس میں تلنگانہ کے تقریباً تمام اضلاع سے ڈسٹرکٹ ایگزیکٹو ممبران نے شرکت کی
۔ اجلاس کے دوران APCR تلنگانہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی اور ریاست میں تنظیم کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ آئندہ تین ماہ کے منصوبہ عمل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔اجلاس میں اضلاع میں توسیع اور مختلف باصلاحیت کمیونیٹیز کے والینٹرز کی شمولیت پر خصوصی توجہ دلائی گئی، جبکہ تمام اضلاع کے کنوینرز کا اعلان کیا گیا اور سیکریٹری کے دوروں کی تفصیلات نوٹ کی گئیں۔ ندیم خان نیشنل سیکریٹری کی نگرانی میں خصوصی طور پر SIR کے موضوع پر جامع بحث کی گئی، جس میں فارم فل اپ کے بعد کے مراحل، ووٹرز کے نام حذف ہونے کے مسائل، اور ان معاملات میں APCR کی قانونی چارہ جوئی کی حکمتِ عملی طے کی گئی۔مزید برآں، ایک اسٹیٹ ہیلپ لائن سنٹر کے آغاز کا اعلان کیا گیا، جو عوام کو فارم بھرنے سے لے کر SIR کی فہرست میں شمولیت تک، اور اگر نام حذف ہو جائے تو اس کے مسائل اور مکمل قانونی رہنمائی فراہم کرے گا۔
لیگل کلینک کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا جو منگل اور جمعرات کو شام 6 تا 8 بجے کام کرے گا، جہاں مظلوم افراد کو قانونی مدد، رہائی اور دیگر اہم مسائل میں رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ خاص طور پر نوجوانوں میں سوشل میڈیا (انسٹاگرام، واٹس ایپ، فیس بک) کے قانونی پہلوؤں سے ناواقفیت کے باعث پیش آنے والے مسائل پر سنجیدہ تبادلہ خیال کیا گیا۔پروگرام کے اغراض و مقاصد ڈاکٹر شیخ محمد عثمان نے پیش کئے،جبکہ تنظیمی رپورٹ جناب اکرام الحق (کوآرڈینیٹر، APCR تلنگانہ) نے پیش کی۔ آخر میں جناب حافظ محمدمبین کی دعا کے ساتھ اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔جناب محمد کلیم الدین،جناب صہیب احمد،جناب میر عباس علی و دیگر نے انتظامات میں حصہ لیا۔



