عوام کو شفاف اور باوقار پولیس خدمات فراہم کی جائیں: نارائن پیٹ ضلع ایس پی ڈاکٹر ونیت آئی پی ایس

اوٹکور، 29 جون: ضلع نارائن پیٹ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) ڈاکٹر ونیت، آئی پی ایس نے پولیس افسران کو ہدایت دی ہے کہ پولیس اسٹیشن آنے والے ہر شکایت کنندہ کے ساتھ بلاامتیاز، شائستگی اور شفافیت کے ساتھ پیش آئیں اور ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کریں۔
سالانہ معائنہ کے سلسلے میں پیر کے روز ایس پی نے اٹکور پولیس اسٹیشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی نلپو لنگیا، سرکل انسپکٹر رام لال اور سب انسپکٹر رمیش نے پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں ایس پی نے پولیس کے اعزازی سلامی کی پریڈ کا معائنہ کیا اور اہلکاروں کے یونیفارم، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ معیار کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کیں۔
ایس پی نے پولیس اسٹیشن کے احاطے کی صفائی، ریکارڈ کی دیکھ بھال، زیر التوا مقدمات کی پیش رفت، تفتیش کے معیار، عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات اور عملے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے آن لائن شکایات کے اندراج اور CCTNS نظام کے تحت مقدمات کے اندراج و نگرانی کے طریقہ کار کا بھی معائنہ کیا۔
انہوں نے ہدایت دی کہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں موجود راؤڈی شیٹرس، مشتبہ افراد (Suspect Sheeters) اور فرقہ وارانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد (Communal Sheeters) پر مسلسل کڑی نظر رکھی جائے اور جرائم کی روک تھام کے لیے باقاعدہ نگرانی کی جائے۔
ڈاکٹر ونیت نے کہا کہ ہر ولیج پولیس آفیسر اپنے دائرہ کار کے دیہات کا باقاعدگی سے دورہ کرے، عوام سے رابطہ قائم رکھے اور ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کرے۔ انہوں نے تمام پولیس اہلکاروں کو پیشہ ورانہ ذمہ داری، نظم و ضبط، وقت کی پابندی اور صاف ستھرے یونیفارم کے ساتھ خدمات انجام دینے کی ہدایت دی۔
ایس پی نے خواتین کے تحفظ، سائبر جرائم کی روک تھام، سڑک حادثات میں کمی اور ڈائل-100 خدمات پر فوری ردعمل کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے شاہراہوں پر حادثات کے زیادہ امکانات والے مقامات کی نشاندہی کر کے متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے چوری کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے پیشگی نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے، مسلسل گشت کرنے، سابقہ مجرموں پر نظر رکھنے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ "Prevention is Better Than Cure” کے اصول پر عمل کرتے ہوئے جرائم کو وقوع پذیر ہونے سے پہلے ہی روکنے کی کوشش کی جانی چاہیے۔
بعد ازاں ایس پی ڈاکٹر ونیت نے پولیس افسران اور اہلکاروں کے ہمراہ شجرکاری بھی کی۔
اس موقع پر ڈی ایس پی نلپو لنگیا، سی آئی رام لال، ایس آئی رمیش، ایس بی ایس آئی بھاگیہ لکشمی ریڈی سمیت دیگر پولیس افسران اور اہلکار موجود تھے۔



