آرمور واقعہ پر اشتعال انگیز واٹس ایپ پوسٹ ، عادل آباد ضلع میں تین افراد گرفتار: ایس پی عادل آباد اکھل مہاجن

عادل آباد: تلنگانہ کے ارمور ٹاون کے ایک اسکول میں پیش آئے واقعہ کو مبینہ طور پر توڑ مروڑ کر سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے کے الزام میں عادل آباد ضلع پولیس نے تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ضلع ایس پی اکھل مہاجن کے مطابق، ایچوڑہ منڈل کے سری چلّم گاؤں کے نائب سرپنچ عبدالعظیم کو واٹس ایپ اسٹیٹس پر اشتعال انگیز ویڈیو پوسٹ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا اور ان کا موبائل فون بھی ضبط کر لیا گیا۔
اسی طرح اسلام پور کے 20 سالہ یونس اور اندرولی منڈل کے انکاری گوڑہ گاؤں کے 18 سالہ جاڑی جسونت کو بھی سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے والی پوسٹیں شیئر کرنے کے الزام میں گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ایس پی نے خبردار کیا کہ مذہبی منافرت یا امن و امان میں خلل ڈالنے والی پوسٹیں، ویڈیوز یا اسٹیٹس شیئر کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام، خصوصاً واٹس ایپ گروپ ایڈمنس سے اپیل کی کہ بغیر تصدیق کسی بھی خبر یا ویڈیو کو شیئر نہ کریں، ورنہ ضرورت پڑنے پر گروپ ایڈمنس کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔



