ضلع نظام آباد میں ایس آئی آر کا عمل تیزی سے 72 فیصد فارمس تقسیم کئے گئے۔ ضلع کلکٹر ایلاتر پاٹھی

الیکشن کمیشن آف انڈیا کے طئے شدہ طریقہ کار کے مطابق خصوصی جامع نظرثانی کا عمل شروع کیا جانا چاہیے:سی ای او
ضلع نظام آباد میں ایس آئی آر کا عمل تیزی سے 72 فیصد فارمس تقسیم کئے گئے۔ ضلع کلکٹر ایلاتر پاٹھی
نظام آباد: 29 جون(اردو لیکس) ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ووٹر لسٹ پر نظر ثانی کا خصوصی عمل شروع کیا جانا چاہئے۔ پیر کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے تمام اضلاع کے الیکشن افسران، ای آر اوز اور ایروز کے ہمراہ جائزہ اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر نے کہا کہ گنتی فارموں (Enumeration Form) کی تقسیم، جمع اور رجسٹریشن کا عمل طے شدہ طریقہ کار کے مطابق مؤثر طریقے سے انجام دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ 24 / جولائی تک گھر گھر سروے کیا جائے اور ہر اہل ووٹر کو گنتی کے فارم تقسیم کیے جائیں اور انہیں بھرنے کے بعد جمع کیے جائیں اور فارموں کی تقسیم کا عمل یکم جولائی تک مکمل کیا جائے اور ہر روز پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر بوتھ لیول آفیسر کو اپنے علاقے کے ووٹرز کی تفصیلات کی فیلڈ لیول پر تصدیق کرنی چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنا چاہیے کہ ایک ہی خاندان کے ووٹرز کا ایک ہی پولنگ ا سٹیشن پر اندراج ہو، اور لوگوں کو یہ باور کرایا جائے کہ ایک سے زیادہ جگہوں پر بطور ووٹر رجسٹر کرنا قانون کے مطابق قابل سزا ء ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے ناموں، کنیتوں اور کنیتوں میں تبدیلی کے فرق کا جائزہ لے کر تفصیلات واضح طور پر درج کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ مسلسل تال میل میں بوتھ سطح کے عہدیداروں کی فہرستیں اور پولنگ اسٹیشنوں کی تفصیلات دستیاب کرائی جائیں اور ووٹر لسٹ سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لئے سیاسی جماعتوں کے ذریعہ مقرر کردہ بوتھ لیول ایجنٹس کے ساتھ متواتر میٹنگیں کی جائیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ ہر ہفتہ کو ضلعی سطح پر اور ہر ہفتے حلقہ کی سطح پر تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ میٹنگیں کی جائیں۔ بوتھ سطح کے عہدیداروں کو BLO ایپ کا استعمال کرنا چاہئے، MSS والینٹرس، NCC کیڈٹس، ریٹائرڈ ملازمین، مقامی رضاکارانہ تنظیموں کا استعمال کیا جانا چاہئے اور مدد کرنے والے ہیلپنگ ہینڈس جو مقامی زبان جانتے ہیں
انہیں قبائلی اور سرحدی علاقوں میں تعینات کیا جانا چاہئے۔ گنتی کے فارم جمع کرنے کے بعد الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق عمل مکمل ہونے کی نشاندہی کرنے والا اسٹیکرس ہر گھر میں چسپاں کیا جائے اور فارمز کی تکمیل اور جمع کرانے کے حوالے سے لوگوں میں وسیع پیمانے پر آگاہی کے پروگرام منعقد کیے جائیں۔ضلع کلکٹر نظام آباد ایلا ترپاٹھی نے کہا کہ ضلع میں ایس آئی آر کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 72 فیصد گنتی فارم پہلے ہی تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے کل 14,39,734 ووٹرز میں سے 10,33,033 ووٹرز کو فارم تقسیم کیے جا چکے ہیں اور بقیہ 4,06,701 ووٹرز کو اگلے دو سے تین دنوں میں فارم تقسیم کرنے کے اقدامات کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں بھی ایس آئی آر کے نفاذ کو تیز کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بی ایل او ہر گھر پہنچ کر فارم دے رہے ہیں اور ای آر اوز اور ایروز فیلڈ لیول پر نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں اور بی ایل اے کے نمائندوں کے ساتھ باقاعدہ میٹنگز کی جا رہی ہیں۔ اس ویڈیو کانفرنس میں ایڈیشنل کلکٹر وی بھوجنگ راؤ، آرمور سب کلکٹر ابھیگیان مالویہ، میونسپل کارپوریشن کمشنر دلیپ کمار، بودھن آر ڈی او وجئے لکشمی، الیکشن ڈپارٹمنٹ سپروائزر بالاراجو اور دیگر نے شرکت کی۔



