جرائم و حادثات

کونسلنگ کے دوران شوہر کا بیوی پر قینچی سے حملہ، بیٹا بھی زخمی – حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ گھٹکیسر میں واقعہ

گھٹکیسر: حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ گھٹکیسر میں   خاندانی اختلافات کے پیش نظر  شوہر نے بیوی پر قینچی سے حملہ کردیا . یہ واقعہ جمعہ کے روز گھٹکیسر پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا۔

 

پولیس کے مطابق محمد رحیم اور رضوانہ بیگم گزشتہ 6 سال سے گھریلو جھگڑے کے باعث الگ الگ رہ رہے تھے۔ حالیہ دنوں تنازعہ شدت اختیار کرنے پر رضوانہ بیگم نے گھٹکیسر پولیس سے رجوع کیا، جس کے بعد دونوں فریقوں کو کونسلنگ کے لئے لیے سینٹر فار ڈومیسٹک اینڈ ایموشنل ویلبیئنگ  بھیجا گیا۔

 

جمعہ کو کونسلنگ کے دوران بات چیت کے بیچ محمد رحیم طیش میں آ گیا اور اس نے قینچی سے رضوانہ بیگم پر حملہ کر دیا۔ اس حملہ میں رضوانہ بیگم کے سینے، ہاتھ اور کمر پر شدید زخم آئے۔

 

ماں کو بچانے کی کوشش کرنے والے ان کے بیٹے محمد فہد سیف اللہ پر بھی حملہ کیا گیا، جس سے وہ بھی زخمی ہو گیا۔

 

زخمی رضوانہ بیگم کو پہلے گھٹکیسر کمیونٹی ہیلت سنٹر منتقل کیا گیا، بعد ازاں بہتر علاج کے لیے گاندھی ہاسپٹل ریفر کیا گیا۔

 

بیٹے محمد فہد سیف اللہ کی شکایت پر پولیس نے ملزم محمد رحیم کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button