دیر رات کھانا و دیر سے جاگنا انتہائی نقصان دہ، طرزِ زندگی میں تبدیلی ضروری : ڈاکٹر جے شراون کمار

دیر رات کھانا و دیر سے جاگنا انتہائی نقصان دہ، طرزِ زندگی میں تبدیلی ضروری : ڈاکٹر جے شراون کمار
حیدرآباد(پریس نوٹ)شہریوں میں صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ، مختلف امراض سے بچاؤ اور صحت سے متعلق شعور بیدار کرنے کے مقصد سے مہر آرگنائزیشن اور کیئر ہاسپٹل، نامپلی کے اشتراک سے اعظم فنکشن ہال، مغل پورہ میں ایک معلوماتی ہیلتھ ٹاک کا انعقاد عمل میں آیا۔
اس موقع پر معروف ماہرِ امراضِ معدہ، جگر اور اندرونی امراض ڈاکٹر جے شراون کمار نے لائف اسٹائل مینجمنٹ کے موضوع پر تفصیلی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید طرزِ زندگی نے انسان کی صحت پر نہایت منفی اثرات مرتب کیے ہیں، جنہیں نظر انداز کرنا مستقبل میں سنگین بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کل رات دیر گئے کھانا کھانا، دیر تک جاگنا، صبح دیر سے بیدار ہونا اور جسمانی سرگرمیوں سے دور رہنا عام معمول بنتا جا رہا ہے،
جس کے نتیجے میں کم عمری ہی میں بلڈ پریشر، شوگر، موٹاپا، جگر اور معدہ کے امراض سمیت متعدد دائمی بیماریاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند زندگی گزارنے کے لیے ضروری ہے کہ انسان اپنی روزمرہ عادات میں مثبت تبدیلی لائے اور وقت کی پابندی کو اپنی زندگی کا حصہ بنائے۔
ڈاکٹر جے شراون کمار نے کہا کہ ماضی میں لوگ رات کو جلد کھانا کھاتے، بروقت سوجاتے اور صبح سویرے بیدار ہوکر چہل قدمی یا جسمانی مشقت کیا کرتے تھے۔ یہی ان کی اچھی صحت، مضبوط قوتِ مدافعت اور طویل عمر کا راز تھا۔ اس زمانے میں نہ جم (Gym) کا رواج تھا اور نہ ہی مصنوعی ورزش کے ذرائع، اس کے باوجود لوگ جسمانی طور پر زیادہ فِٹ اور بیماریوں سے محفوظ رہتے تھے
۔انہوں نے شرکاء کو مشورہ دیا کہ روزمرہ غذا میں تازہ سبزیوں، پھلوں، ریشے دار غذاؤں اور صاف و شفاف پانی کا زیادہ استعمال کریں، فاسٹ فوڈ، چکنائی والی غذاؤں اور بے وقت کھانے سے حتی الامکان گریز کریں۔ انہوں نے خاص طور پر نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دیر رات کی غیر ضروری دعوتوں، گٹکا، تمباکو، سگریٹ اور دیگر نشہ آور اشیاء سے مکمل اجتناب کریں،
کیونکہ یہی عادات مستقبل میں جان لیوا بیماریوں کا سبب بنتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ باقاعدہ ورزش، روزانہ کم از کم تیس منٹ کی چہل قدمی، مناسب نیند، ذہنی دباؤ سے بچاؤ اور متوازن غذا ہی صحت مند زندگی کی بنیاد ہیں۔ اگر ہر شخص اپنی روزمرہ زندگی میں یہ معمولات اختیار کرے تو بیشتر بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے
اور علاج پر ہونے والے غیر ضروری اخراجات میں بھی نمایاں کمی آسکتی ہے۔اس موقع پر مہر آرگنائزیشن کے صدر محمد حسام الدین صدیقی، او ایس ایم کالج کے ڈائرکٹرمحمد معید الدین، کیئر ہاسپٹل نامپلی کے منیجر محمد اشفاق اورلائنس کلب چارمینار کے صدر محمد افسر خان بھی موجود تھے۔
پروگرام کے اختتام پرمہر آرگنائزیشن کے سکریٹری عفان قادری نے کیئر ہاسپٹل نامپلی، مہمانِ خصوصی، معزز شرکاء اور تمام حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسے عوامی مفاد کے پروگرام آئندہ بھی مسلسل منعقد کیے جائیں گے تاکہ شہری صحت مند اور متوازن طرزِ زندگی اختیار کرنے کی جانب راغب ہوں۔



