تلنگانہ کے سری رام ساگر پراجکٹ میں 4 نوجوان غرق – تین نعشیں برآمد – جاں بحق نوجوانوں کا تعلق نظام آباد کے آٹو نگر سے
نظام آباد – تلنگانہ کے نظام آباد شہر سے تعلق رکھنے والے 5نوجوانوں کا ایک گروپ اتوار کی صبح تفریح کی غرض سے سری رام ساگر پراجکٹ کے لکشمی کنال کے بیک واٹر علاقے پہنچا، جہاں نہاتے وقت پیش آئے افسوسناک واقعہ میں چار نوجوان پانی کے گہرے گڑھوں میں ڈوب کر لاپتہ ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق تمام نوجوان پانی میں نہانے کے لیے اترے تھے کہ اچانک چار افراد گہرے پانی میں چلے گئے اور ڈوب گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی غوطہ خوروں نے ریسکیو آپریشن شروع کیا، جس کے دوران دو نوجوانوں کی لاشیں نکال لی گئیں، جبکہ باقی ایک نوجوانوں کی تلاش تاحال جاری ہے۔
جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت نظام آباد کے آٹو نگر علاقے سے تعلق رکھنے والے کلیم، نزہت اور عظیم کے طور پر کی ہے۔ جبکہ مہاراشٹر کے حمایت نگر سے تعلق رکھنے والے نوجوان ریحان کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سرکل انسپکٹر جان ریڈی، مپکل کے سب انسپکٹر کرن کمار اور مینڈورا کی تحصیلدار سہاسنی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں لاپتہ نوجوانوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔
بیک واٹر میں پیش آئے افسوسناک حادثے کے مقام پر پولیس کمشنر سائی چیتنیہ پہنچ گئے اور ریسکیو کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ امدادی ٹیموں نے لاپتہ نوجوانوں میں سے مزید ایک نوجوان کی لاش برآمد کر لی، جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد تین ہو گئی ہے، جبکہ ایک نوجوان کی تلاش تاحال جاری ہے۔




