جرائم و حادثات

محبوبہ کو آئی فون گفٹ دینے کے لیے نوجوان گانجہ کا اسمگلر بن گیا

حیدرآباد: ریاست میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں اپنی محبوبہ کو آئی فون تحفے میں دینے کی خواہش میں ایک نوجوان گانجے کا اسمگلر بن گیا۔

 

محبوبہ کو آئی فون تحفے میں دے کر خود کو مثالی عاشق ثابت کرنے کی کوشش کرنے والا نوجوان بالآخر جیل کی سلاخوں کے پیچھے پہنچ گیا۔

 

تفصیلات کے مطابق پدا پلی سے تعلق رکھنے والے چیتنیہ اور ہیم لتا نامی جوڑے نے اوڈیشہ میں 16 ہزار روپے میں 12 کلو گانجا خریدا اور اسے حیدرآباد لے کر آرہے تھے کہ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔

 

دونوں نے 16 ہزار روپے میں خریدے گئے گانجے کو حیدرآباد میں تقریباً 6 لاکھ روپے میں فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا تھا تاہم وائرہ کے قریب پولیس کے ہاتھوں پکڑے گئے۔

 

پولیس کی پوچھ گچھ کے دوران چیتنیہ نے بتایا کہ اس کی محبوبہ نے اس سے آئی فون خرید کر دینے کی خواہش ظاہر کی تھی اور اسی خواہش کو پورا کرنے کے لیے اس نے گانجے کی اسمگلنگ شروع کی۔

 

نوجوان کی یہ بات سن کر پولیس ملازمین بھی حیران رہ گئے۔پولیس نے بتایا کہ اس گروہ سے وابستہ مزید تین افراد فرار ہیں۔ گرفتار ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں حراست میں لے لیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button