جموں و کشمیر میں انڈیگو طیارہ پول سے ٹکرا گیا۔ مسافرین بال بال بچ گئے

نئی دہلی: جموں و کشمیر کے سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر انڈیگو کا ایک طیارہ حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گیا۔
نوی ممبئی سے سری نگر پہنچنے والی انڈیگو کی پرواز نمبر 6E 225 لینڈنگ کے بعد پارکنگ کے دوران ایک پول سے ٹکرا گئی۔ایئرپورٹ حکام کے مطابق یہ واقعہ آج صبح تقریباً 9 بج کر 2 منٹ پر پیش آیا۔
طیارہ بے نمبر 06 پر پارک کیا جا رہا تھا کہ اس کا اگلا حصہ ’ویژول ڈاکنگ گائیڈنس سسٹم‘کے پول سے ٹکرا گیا۔حادثے میں طیارے کے اگلے حصے کو معمولی نقصان پہنچا تاہم طیارے میں سوار تمام مسافر اور عملہ مکمل طور پر محفوظ رہے۔
کسی کے زخمی نہ ہونے پر تمام نے راحت کی سانس لی بعد ازاں مسافروں کو سیڑھیوں کے ذریعے بحفاظت طیارے سے اتار لیا گیا۔
حکام نے واضح کیا کہ اس واقعے کے باعث سری نگر ایئرپورٹ کے معمول کے آپریشنس متاثر نہیں ہوئے اور پروازوں کی آمد و رفت حسب معمول جاری رہی۔ متعلقہ حکام نے واقعے کی
مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور کہا ہے کہ ضابطے کے مطابق مناسب کارروائی کی جائے گی۔
