جرائم و حادثات

تلنگانہ کے ہنمکنڈہ کی بیوہ خاتون کا کرناٹک میں قتل۔ عاشق نےنعش کو دفن کردیا3 ماہ بعد ہوا انکشاف

حیدرآباد: ہنمکنڈہ ضلع کے حسن پرتی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ تین ماہ قبل لاپتہ ہونے والی 40 سالہ خاتون سپنا کو اس کے عاشق نے قتل کیا تھا۔

 

حسن پرتی منڈل سے تعلق رکھنے والی سپنا کی شادی کمالاپور سے تعلق رکھنے والے ایک شخص سے ہوئی تھی۔ چند سال بعد شوہر کی خودکشی کے بعد وہ اپنے والدین کے ساتھ رہنے لگی۔ وہ شانتی پوجا سیکھنے کے لیے کرناٹک کے بَلارِی آتی جاتی تھی۔

 

اسی دوران اس کی ملاقات کرناٹک سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ نوجوان بسواراجو سے ہوئی جو بعد میں ناجائز تعلقات میں تبدیل ہوگئی۔15 مئی کو گھر سے بَلارِی جانے والی سپنا واپس نہیں لوٹی۔ اس کے والدین نے حسن پرتی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔

 

تین ماہ تک اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ ٹیکنالوجی کی مدد سے پولیس نے پتہ لگایا کہ وہ بسواراجو کے ساتھ گئی تھی۔پولیس نے بسواراجو کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی تو اس نے سپنا کو قتل کرنے اور اس کی نعش بَلارِی کے قریب جنگل میں دفن کرنے کا اعتراف کیا۔

 

ملزم نے بتایا کہ سپنا اس پر شادی کے لیے دباؤ ڈال رہی تھی جس کی وجہ سے اس نے یہ قدم اٹھایا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں دے دیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button