حیدرآباد میں چلتی بس میں اچانک لگی آگ – 39 مسافر بال بال بچ گئے

حیدرآباد – حیدرآباد کے میرپیٹ علاقہ میں چہارشنبہ کی نصف شب کے بعد ایک پرائیویٹ بس میں اچانک آگ لگ گئی، تاہم بس میں سوار تمام 39 مسافر بحفاظت باہر نکل آئے۔
تفصیلات کے مطابق ناگول کی ایک رئیل اسٹیٹ کمپنی سے وابستہ تقریباً 150 افراد گنیش وسرجن کے لئے تین پرائیویٹ بسوں میں سری سیلم روانہ ہوئے تھے۔ رات تقریباً 2 بجے میرپیٹ کے گایتری نگر کے قریب ایک پٹرول پمپ پر دو بسوں میں ڈیزل بھرا جا رہا تھا، جبکہ تیسری بس آگے بڑھ رہی تھی
اسی دوران بس کے انجن کے حصے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ ڈرائیور نے فوری طور پر صورتحال کو بھانپتے ہوئے بس میں موجود 39 مسافروں کو خبردار کیا، جس پر تمام مسافر فوراً بس سے نیچے اتر گئے۔
اطلاع ملنے پر میرپیٹ پولیس اور فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا اور کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔



