اسپشل اسٹوری

کھجور کے کھجور اور گٹھلی کے دام – کھجور کی گٹھلی سے مشروب کی تیاری – کافی جیسا ذائقہ

کے این واصف 

پرانی کہاوت ہے “آم کے آم اور گٹھلی کے دام”۔ یہ کہاوت اس موقع پر استعمال ہوتی ہے جب کسی کام میں دگنا فائدہ ہو۔ مگر سعودی عرب میں اس کہاوت کو حقیقت کا روپ دے دیا گیا۔ سعودی سے جاری ایک خبر کے مطابق مملکت میں کھجور کا گودا اور اس کے درخت کے پتوں کے بعد کھجور کی گٹھلیاں بھی مصنوعات کی تیاری کے لیے استعمال میں لائی جا رہی ہیں۔

 

سعودی پریس ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق گٹھلی جسے مقامی طور پر ’العبس‘ کہا جاتا ہے سے کافی جیسے ذائقے کا مشروب تیار کیا جارہا ہے۔کھجور کی گٹھلی سے تیل، پاؤڈر اور بالوں کی نگہداشت کے حوالے سے مختلف مصنوعات بھی تیار کی جا رہی ہیں۔

 

کھجور کی گٹھلی کا یہ نیا استعمال کھجور کے درخت کی معاشی افادیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ گٹھلی کو صاف کرنے کے بعد اسے خشک کیا جاتا ہے۔ بھوننے اور پیسنے کے مختلف مراحل سے گزارنے کے بعد مشروب تیار کیا جاتا ہے جسے الائچی، زعفران یا لونگ کے ساتھ مزید ذائقے دار بنایا جا سکتا ہے۔

 

کھجور کی گٹھلی سے کافی جیسے ذائقے کے مشروب کی تیاری مقامی روایات اور جدید طریقے کا ایک بہترین امتزاج ہے۔کہتے ہیں کھجور کی گٹھلی عہد رفتہ میں طویل سفر کے دوران اونٹوں کی خوراک کے طورپر استعمال ہوتی تھی۔ مگر اب اس سے کافی، تیل اور مختلف مقاصد کے لیے استعمال ہونے والا پاوڈر بھی تیار کیا جاتا ہے۔

 

بتایا گیا کہ کھجور کی گٹھلی سے تیار ہونے والے پاؤڈر کا ذائقہ عام کافی سے بہت قریب ہوتا ہے۔ تاہم اس میں کیفین نہیں ہوتی۔ اس کے علاوہ کھجور گٹھلی کا تیل بالوں کی نگہداشت کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے

 

بہر حال کھجور کے درخت کے ہر حصے سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button