جرائم و حادثات
سونے کی دکان میں سائنائیڈ کھانے سے دو سالہ بچی کی موت – حیدرآباد میں افسوسناک واقعہ

حیدرآباد: چنتل میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں سونے کی دکان میں سائنائیڈ کھانے سے دو سالہ بچی کی موت ہوگئی۔ یہ واقعہ جیڈی میٹلہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیاجس کی تفصیلات دیر سے سامنے آئیں۔
جاریہ ماہ کی 7 تاریخ کو چنتل کے رہنے والے گوپی کرشنا اور جانگی اپنی دو سالہ بچی کے ساتھ سونا خریدنے کے لیے دکان پر گئے ہوئے تھے۔سونے کی خالصیت جانچنے کے لیے استعمال ہونے والا سائنائیڈ دکان کے عملے نے میز پر رکھا ہوا تھا۔
اسی دوران بچی نے غلطی سے سائنائیڈ کھا لیا جس کے بعد وہ بے ہوش ہوگئی۔بچی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا لیکن علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔اس واقعے کے بعد بچی کے رشتہ داروں نے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے سونے کی دکان کے سامنے احتجاج کیا۔



