ہندو مسلم اتحاد کی مثال ۔ دو مسلم بھائیوں نے ہندو خاتون کی چتا کو سگے بیٹوں کی طرح دی آگ

نئی دہلی: کیرالہ کے ایک واقعہ نے ہندو مسلم بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کی ایک شاندار مثال پیش کی ہے۔ ریاست کے ضلع وایناڈ میں دو مسلم بھائیوں نے 85 سالہ ہندو خاتون کی آخری رسومات ادا کرتے ہوئے انہیں اپنی ماں کی طرح رخصت کیا۔
دونوں بھائی گزشتہ تقریباً پانچ دہائیوں سے اس خاتون کی دیکھ بھال کررہے تھے اور انہیں اپنی والدہ کا درجہ دیتے تھے۔خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق خاندانی ذرائع نے منگل کو بتایا کہ مپیّنڈ گرام پنچایت کے چترگیری میں رہنے والی کلیانی اماں کا دیہانت ہوگیا۔
ان کی کوئی اولاد یا دیگر قریبی رشتہ دار نہیں تھے۔ ایسے میں رزاق اور سلیمان نامی دو مسلم بھائی آگے آئے اور انہوں نے ہندو مذہبی روایات کے مطابق ان کی آخری رسومات ادا کیں۔ان دونوں بھائیوں اور ان کے خاندان کا کلیانی اماں کے ساتھ انتہائی قریبی تعلق تھا۔
وہ گزشتہ تقریباً 50 برس سے ان کے پڑوسی تھے۔ اس دوران انہوں نے ہمیشہ کلیانی اماں کا خیال رکھا ان کی روزمرہ ضروریات پوری کیں ادویات کا انتظام کیا اور ضرورت پڑنے پر انہیں ہاسپٹل بھی لے جاتے تھے۔کلیانی اماں رزاق اور سلیمان کے خاندانی تقریبات میں بھی شریک ہوتی تھیں۔
وقت گزرنے کے ساتھ ان کے درمیان محبت اور اپنائیت کا رشتہ مزید گہرا ہوتا گیا۔ خاندان کے افراد نے بتایا کہ کلیانی اماں کی خواہش تھی کہ ان کے دیہانت کے بعد رزاق اور سلیمان ہی ان کی آخری رسومات ادا کریں۔کلیانی اماں دونوں بھائیوں کو اپنے سگے بیٹوں کی طرح مانتی تھیں۔
ان کی آخری خواہش کا احترام کرتے ہوئے دونوں بھائیوں نے مقامی ہندو شمشان گھاٹ میں ہندو روایات کے مطابق ان کی چتا کو آگ دکھائی اور آخری رسومات کی تمام کارروائیاں مکمل کیں۔ہندوستان نے آزادی کے وقت تقسیم کا درد بھی برداشت کیا
اور فرقہ وارانہ کشیدگی کا بھی سامنا کیا لیکن ان حالات میں بھی ایسے بے شمار لوگ موجود تھے جنہوں نے اپنے انسانی اصولوں کو کبھی فراموش نہیں کیا۔ مل جل کر رہنے اور ایک مشترکہ معاشرہ تشکیل دینے کی یہی روایت بہت سے لوگوں کے لیے مشعل راہ بنی۔
وقت کے ساتھ کشیدگیاں کم ہوتی گئیں اور زخم بھرتے چلے گئے لیکن آج یہ سوال اہم ہوگیا ہے کہ تہواروں کو مل جل کر منانے اور آپسی محبت کی وہ روایت کہاں کھو گئی؟




