ریلز کا جنون، ندی کے بیچ اسکارپیو لے گئے؛ پھر خود ہی پھنس گئے!

ریلز بنانے کے شوق میں بعض افراد ایسی خطرناک حرکتیں کر بیٹھتے ہیں جو ان کی جان کے لیے بھی خطرہ بن جاتی ہیں۔ جموں و کشمیر میں ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا، جہاں کچھ نوجوان ریلز بنانے کے لیے تیز رفتار سِندھ ندی میں اسکارپیو گاڑی لے گئے اور پانی کا بہاؤ اچانک بڑھنے سے وہیں پھنس گئے۔
یہ واقعہ جموں و کشمیر کے سونہ مرگ علاقے میں پیش آیا۔ سری نگر کے محمد عباد بھٹ اور ریاسی کے ناصر احمد مغل تفریح کے لئے اپنی مہندرا اسکارپیو گاڑی کے ساتھ سِندھ ندی میں اتر گئے۔ دونوں ریلز کے لئے ویڈیوز بنانے کی غرض سے گاڑی کو ندی کے درمیان تک لے گئے۔ تاہم پانی میں داخل ہوتے ہی ندی کا بہاؤ تیز ہوگیا، جس کے باعث اسکارپیو کو واپس نکالنا ممکن نہ رہا اور دونوں نوجوان گاڑی سمیت ندی میں پھنس گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی وہاں موجود افراد نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس اور ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور دونوں نوجوانوں کے ساتھ گاڑی کو بھی بحفاظت باہر نکالنے کے لئے آپریشن شروع کیا۔ کافی دیر کی کوششوں کے بعد ریسکیو ٹیم نے دونوں نوجوانوں اور اسکارپیو کو ندی سے باہر نکال لیا۔ اس دوران گاڑی کو معمولی نقصان پہنچا۔
اگر ریسکیو آپریشن میں مزید تاخیر ہوتی تو دونوں نوجوان گاڑی سمیت ندی کے تیز بہاؤ میں بہہ سکتے تھے۔ ریلز بنانے کے لئے ندی کے درمیان گاڑی لے جانے پر پولیس نے نوجوانوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس نے خبردار کیا کہ آئندہ اس طرح کی خطرناک حرکتوں سے گریز کیا جائے اور سوشل میڈیا ریلز کے لیے اپنی جان خطرے میں نہ ڈالی جائے۔ واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔



