بزنس

پری پیڈ موبائل صارفین کے لئے بڑی خوشخبری، اب سال میں 12 ریچارج سے چلے گا کام

حیدراباد: ہندوستان میں پری پیڈ موبائل صارفین کے لیے بڑی خوشخبری ہے۔ اب 30 دن کی میعاد والے ریچارج پلان دستیاب ہونے کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔

 

راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ راگھو چڈھا نے اتوار کو ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ حکومت نے ٹیلی کام کنزیومر پروٹیکشن (135ویں ترمیم) ریگولیشنز-2026 متعارف کرائے ہیں۔ ان تبدیلیوں سے صارفین کو ریچارج کے مزید آپشنز اور سہولت ملے گی۔

 

نئے ضوابط کے تحت 30 دن کی میعاد والے پلان دستیاب ہوں گے، جس سے صارفین کو سال میں 13 مرتبہ ماہانہ ریچارج کرانے کے بجائے صرف 12 ریچارج سے کام چل جائے گا۔

 

ڈیٹا کی ضرورت نہ رکھنے والوں کے لیے بھی علحیدہ پلان

راگھو چڈھا کے مطابق، ایسے صارفین کے لیے بھی خصوصی پلان دستیاب ہوں گے جنہیں موبائل ڈیٹا کی ضرورت نہیں۔ ان پلانز میں صرف وائس کال اور ایس ایم ایس کی سہولت شامل ہوگی۔ یہ خاص طور پر کم بجٹ والے ان صارفین کے لیے مفید ہوں گے جو موبائل فون بنیادی طور پر وائس کالز کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

 

انہوں نے بتایا کہ محدود اور غیر سہل ریچارج آپشنز کے حوالے سے کئی صارفین نے ان سے شکایات کی تھیں۔ راگھو چڈھا نے کہا کہ انہوں نے مارچ میں پارلیمنٹ میں یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے صارفین کو زیادہ اختیارات اور مناسب قیمتوں پر ریچارج پلان فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

 

انہوں نے صارفین کی پسند اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مسئلے کے حل کے لیے اقدامات کرنے پر مرکزی حکومت اور ٹرائی کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button