اب کاغذ نہیں، پالیمر نوٹ ؛ آر بی آئی کا بڑا اعلان – 10 اور 20 روپے کے نئے نوٹ جلد جاری ہوں گے

نئی دہلی : ملک میں پلاسٹک کرنسی نوٹ متعارف کرانے کی خبریں کافی عرصے سے گردش میں ہیں، اور اب اس سمت میں پیش رفت تیز ہو گئی ہے۔ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) گورنر سنجے ملہوترا نے کہا ہے کہ آر بی آئی پالیمر کرنسی نوٹ متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے اور آئندہ مالی سال سے یہ نوٹ مرحلہ وار دستیاب ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اگلے سال اپریل یا مئی تک ان نوٹوں کو جاری کرنے کا منصوبہ ہے، جس کے بعد یہ آہستہ آہستہ ملک بھر میں عام استعمال میں آ جائیں گے۔
گورنر نے واضح کیا کہ یہ مکمل پلاسٹک کے نوٹ نہیں ہوں گے بلکہ پالیمر نوٹ ہوں گے، جو پلاسٹک جیسی مصنوعی (سنتھیٹک) فلم پر چھاپے جائیں گے۔ یہ موجودہ کاٹن فائبر والے کاغذی نوٹوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ مضبوط اور پائیدار ہوں گے، جلد پھٹیں گے نہیں اور نہ ہی آسانی سے خراب ہوں گے۔
آر بی آئی کے مطابق ان نوٹوں کا مقصد کرنسی کی عمر بڑھانا، ضیاع کم کرنا اور تیاری کی لاگت میں کمی لانا ہے۔ سنجے ملہوترا نے بتایا کہ یہ پالیمر نوٹ تقریباً 30 سال تک کارآمد رہ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ نوٹ خاص طور پر چھوٹی مالیت کی کرنسی کے لیے زیادہ مفید ثابت ہوں گے۔ ابتدائی مرحلے میں 10، 20 اور 100 روپے کے پالیمر نوٹ تیار کیے جائیں گے۔ پائلٹ پراجکٹ کے تحت 10 اور 20 روپے کے تقریباً 100 کروڑ نوٹ چھاپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ابتدا میں ان نوٹوں کو تجرباتی بنیاد پر جاری کیا جائے گا۔ عوام اور صارفین کی رائے اور تجربات کی بنیاد پر ضروری تبدیلیاں کرنے کے بعد انہیں بڑے پیمانے پر ملک بھر میں گردش میں لایا جائے گا۔




