جرائم و حادثات

برقعہ کی آڑ میں 70 لاکھ کی چوریاں – بی ٹیک ڈراپ آؤٹ نوجوان خاتون جیا گرفتار، حیدرآباد میں سنسنی خیز انکشاف

برقعہ پوش چورنی کا سنسنی خیز انکشاف، حیدرآباد پولیس کے شکنجے میں نوجوان خاتون!

بی ٹیک ادھوری چھوڑ کر جرائم کی دنیا میں قدم، ہینڈ کٹر مشین سے تالے توڑ کر پانچ وارداتیں، 70 لاکھ روپے کا مسروقہ مال برآمد

 

حیدرآباد: برقعہ پہن کر مکانات کے تالے توڑنے اور چوری کی وارداتیں انجام دینے والی 25 سالہ نوجوان خاتون کو حیدرآباد کی اُپل پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بی ٹیک کی تعلیم ادھوری چھوڑ کر جرائم کی راہ اختیار کرنے والی ملزمہ پگہ جیا کے قبضے سے تقریباً 70 لاکھ روپے مالیتی سونے، چاندی کے زیورات، نقد رقم اور آئی فون 17 برآمد کیا گیا۔

 

پولیس کے مطابق ملزمہ ہینڈ کٹر مشین کی مدد سے مقفل مکانات کے تالے توڑ کر وارداتیں انجام دیتی تھی۔ حال ہی میں اُپل کے نیو بھارت نگر میں ایک مکان سے 48 تولے سونا، ڈیڑھ کلو چاندی اور 2 لاکھ روپے نقد لوٹ کر فرار ہوگئی تھی۔

 

بھدرادری کوتہ گوڑم ضلع کے پالوَنچہ سے تعلق رکھنے والی جیا نے مالی مشکلات کے باعث بی ٹیک کے پہلے سال ہی تعلیم ترک کردی تھی۔ 2023 میں حیدرآباد پہنچ کر شادی کرنے کے بعد اس نے چوریوں کا سلسلہ شروع کیا۔ پولیس نے تحقیقات کے دوران بھدرادری کوتہ گوڑم ٹو ٹاؤن، جگت گیری گٹہ، میڈی پلی اور اُپل پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں پانچ وارداتوں میں اس کے ملوث ہونے کا پتہ لگایا۔

 

ملکاجگیری پولیس کمشنر سومتی نے تفصیلات کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ اُپل پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرکے ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button