سنگدل باپ نے 4 سالہ بیٹے کو پتھر سے مار کر سر میٹرو پلر سے ٹکرا دیا۔ قاتلانہ حملہ میں معصوم زخمی۔ حیدرآباد میں دل دہلا دینے والا واقعہ

سنگدل باپ نے 4 سالہ بیٹے پتھر سے مار کر سر میٹرو پلر سے ٹکرا دیا۔ قاتلانہ حملہ میں معصوم زخمی۔ حیدرآباد میں دل دہلا دینے والا واقعہ
حیدرآباد: شہر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک 4 سالہ بچہ اپنے ہی والد کے مبینہ حملے میں شدید زخمی ہوگیا۔ یہ واقعہ گڈ ملکاپور پولیس اسٹیشن حدود میں پی وی این آر ایکسپریس وے کے پلر نمبر 104 کے قریب پیش آیا۔
پولیس کے مطابق گولکنڈہ کے 25 سالہ سلمان نے مبینہ طور پر اپنے بیٹے ارمان کو پتھر سے مارا ،پلر سے ٹکرایا اور بعد میں اسے زمین پر پٹخ دیا۔ الزام ہے کہ اس کے بعد اس نے بچے کو چلتے ہوئے لاری کے نیچے دھکیلنے کی کوشش کی تاہم مقامی افراد نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے بچے کو بچا لیا اور سلمان کو پکڑ کر مار پیٹ پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس نے بتایا کہ سلمان شراب نوشی کا عادی تھا اور بیوی کے ساتھ اس کے اکثر جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے ازدواجی تنازع کے باعث بچے کو رکاوٹ سمجھتے ہوئے حملے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ واقعے کی صبح اس نے گھر والوں سے کہا تھا کہ وہ بچے کو آرام گھر میں رشتہ داروں کے پاس لے جا رہا ہے
لیکن وہ اسے ایکسپریس وے کے پلر کے قریب لے گیا۔زخمی بچے ارمان کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی حالت تشویشناک بتائی ہے۔پولیس نے سلمان کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔



