جرائم و حادثات

کم قیمت میں غیر ملکی سونا دلانے کے نام پر لاکھوں کی دھوکہ دہی – حیدرآباد سے گولڈ مین سوریہ بھائی’ گرفتار

حیدرآباد: کم قیمت میں غیر ملکی اصلی سونا فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے کی دھوکہ دہی کرنے کے الزام میں سوشل میڈیا پر مشہور شخصیت ‘گولڈ مین سوریہ بھائی’ (سوریا کمار) کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق متاثرین نے پولیس سے شکایت کی کہ ملزم خود کو چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور حیدرآباد کے پولیس کمشنر کا قریبی ساتھی ظاہر کرتا تھا اور اسی بنیاد پر لوگوں کا اعتماد حاصل کرکے غیر ملکی سونا کم قیمت پر دلانے کا وعدہ کرتا تھا۔ اس بہانے اس نے متعدد افراد سے لاکھوں روپے ایڈوانس وصول کئے، لیکن بعد میں سونا فراہم کئے بغیر روپوش ہوگیا۔

 

شکایت موصول ہونے پر حیدراباد کی عطاپور پولیس نے مقدمہ درج کرکے جمعرات کی رات سوریہ کمار کو گرفتار کر لیا۔

 

سوریا کمار گزشتہ کچھ عرصے سے جسم پر کلو گرام وزنی سونے کے زیورات پہن کر ‘گولڈ مین سوریہ بھائی’ کے نام سے سوشل میڈیا، ٹی وی انٹرویوز اور دیگر پلیٹ فارمز پر خاصی شہرت حاصل کر چکا تھا۔ پولیس کے مطابق اس نے اسی شہرت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اعلیٰ سرکاری افسران اور سیاسی شخصیات سے قریبی تعلقات ہونے کا دعویٰ کیا اور لوگوں کو سستے داموں بیرون ملک سے منگوایا گیا اصلی سونا فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر بڑی رقم وصول کی۔

 

پولیس ملزم سے مزید پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق وہ اس کے زیر استعمال بھاری سونے کے زیورات کی حقیقت اور اس کے ممکنہ ساتھیوں و دیگر روابط کے بارے میں بھی گہرائی سے تحقیقات کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button