غیرت کے نام پر قتل: بھائی نے سوتی ہوئی بہن کے سر میں گولی مار دی، ماں نے ثبوت مٹا دئے

میرٹھ: اترپردیش کے میرٹھ میں غیرت کے نام پر قتل کا لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں 21 سالہ افشاں کو اس کے سگے بھائی عارش نے سر میں گولی مار کر قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق عارش کو شبہ تھا کہ افشاں کا پڑوسی نوجوان سے محبت کا تعلق ہے اور وہ اس سے نکاح کرنا چاہتی تھی، جبکہ خاندان اس کی شادی کسی اور سے کرانا چاہتا تھا۔
پولیس کے مطابق قتل کے بعد ماں کاشفہ اور دو چھوٹے بھائیوں نے عارش کو بچانے کی کوشش کرتے ہوئے گھر میں موجود خون کے نشانات صاف کیے اور پولیس کو گمراہ کیا۔ افشاں کو ہاسپٹل لے جاتے ہوئے اہل خانہ نے دعویٰ کیا کہ وہ چھت سے گر گئی ہے، تاہم ڈاکٹروں نے سر میں گولی لگنے کی تصدیق کے بعد پولیس کو اطلاع دی۔
فارنزک جانچ میں گھر سے خون کے شواہد ملنے پر حقیقت سامنے آگئی۔ پولیس نے مرکزی ملزم عارش کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ہے اور قتل میں استعمال ہونے والا دیسی پستول بھی برآمد کرلیا ہے، جبکہ ماں اور دونوں بھائیوں کو بھی مقدمہ میں ملزم بنانے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔




