پولیس پر ہی مکے اور لاتیں برسانے لگا آر ایم پی ڈاکٹر، گرفتاری کے دوران بھی دھمکیاں – حیدرآباد میں واقعہ
حیدرآباد کے گچی باؤلی میں ایک آر ایم پی ڈاکٹر نے پولیس اہلکاروں پر ہی حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا۔ پولیس اہلکار اسے گرفتار کرکے لے جا رہے تھے، اس دوران بھی وہ انہیں گالیاں دیتے ہوئے دوبارہ حملہ کرنے کی کوشش کرتا رہا۔ یہ واقعہ منگل کے روز پیش آیا، جس کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نانک رام گوڑہ میں اپولو ہاسپٹل کے قریب جھگڑے کی اطلاع پولیس کو 112 کے ذریعے ملی۔ اطلاع ملتے ہی ہیڈ کانسٹیبل شیواکمار موقع پر پہنچے۔ اسی دوران آر ایم پی ڈاکٹر سنیل کمار نے پولیس اہلکاروں سے بحث شروع کردی اور ایک اہلکار کا کالر پکڑ کر اس کے چہرے پر مکے مار دیے، جس کے نتیجہ میں پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔
بعد ازاں پولیس نے سنیل کمار کو ہتھکڑیاں لگا کر پولیس جیپ میں پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔ اسٹیشن لے جانے کے دوران بھی اس نے پولیس اہلکاروں کو لاتیں ماریں اور ان پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران کانسٹیبل شیواکمار نے واقعے کی ویڈیو بنالی۔
ویڈیو میں سنیل کمار پولیس اہلکاروں کو دھمکاتے ہوئے نظر آ رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ اگر ہمت ہے تو اس کی ہتھکڑیاں کھولیں، پھر وہ انہیں دیکھ لے گا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم سنیل کمار ورنگل شہر کی اوشا کلینک میں آر ایم پی ڈاکٹر کے طور پر کام کرتا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کئی افراد نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے والے ملزم کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔



