جرائم و حادثات

حیدراباد میں تین سال پرانی چوری کا راز ساڑھی نے کھول دیا – چوری کی گئی ساڑھی نے ہی چوروں کو پکڑوا دیا ؛ تقریب میں پہن کر آنے والی خاتون گرفتار

حیدرآباد: تین سال قبل ہوئی ایک گھر کی چوری کا معاملہ ایک ساڑھی کی وجہ سے حل ہوگیا۔ چوری کی گئی ساڑھی پہن کر تقریب میں آنے والی خاتون کو متاثرہ خاندان کی خاتون نے پہچان لیا، جس کے بعد پولیس نے میاں بیوی کو گرفتار کرلیا۔

 

یہ واقعہ حیدرآباد کے بندلہ گوڑہ جاگیر کے وِنایک نگر علاقے کا ہے۔ یادیا اپنے بیوی بچوں کے ساتھ رہتے ہیں۔ 16 ستمبر 2023 کو طبیعت خراب ہونے پر یادیا ہاسپٹل میں داخل ہوئے تھے۔ 19 ستمبر کو گھر واپس آنے پر انہیں چوری کا علم ہوا۔ گھر سے 2.50 لاکھ روپے نقد، 9 تولہ سونا اور کئی ساڑھیاں غائب تھیں۔ اس سلسلہ میں پولیس میں شکایت درج کرائی گئی تھی، تاہم تین سال تک چوروں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

 

حال ہی میں یادیا کی بیوی ایک تقریب میں گئی تھیں، جہاں انہوں نے اپنے گھر کے پیچھے رہنے والی 29 سالہ سُپنا کو ایک ساڑھی پہنے دیکھا۔ انہیں شک ہوا کہ یہ وہی ساڑھی ہے جو ان کے گھر سے چوری ہوئی تھی۔ تصدیق کے بعد انہوں نے فوراً پولیس کو اطلاع دی۔

 

پولیس نے سُپنا اور اس کے 35 سالہ شوہر راملو کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی۔ پولیس کے مطابق سُپنا نے ابتدا میں ساڑھی کو اپنی بتانے کی کوشش کی، تاہم تفتیش کے دوران دونوں نے 2023 میں یادیا کے گھر چوری کرنے کا اعتراف کرلیا۔

 

پولیس نے دونوں کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا اور ریمانڈ پر بھیج دیا۔ یوں تین سال سے زیرِ التوا چوری کے کیس میں ایک ساڑھی اہم ثبوت بن گئی اور پولیس چوروں تک پہنچ گئی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button