جرائم و حادثات

ٹی شرٹ پہننے پر حاملہ بیوی کا قتل، پھر شوہر نے کرلی خودکشی — ممبئی کی لڑکی سے 6 ماہ قبل ہوئی تھی لو میرج، واٹس ایپ چیٹ نے کھول دی پول

لکھنو –  اتر پردیش کے ضلع گورکھپور میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں شوہر نے مبینہ طور پر ماڈرن کپڑے پہننے کے تنازعہ پر اپنی حاملہ بیوی کا گلا دبا کر قتل کر دیا اور بعد میں خود پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔ اس سنسنی خیز معاملے کا انکشاف پوسٹ مارٹم رپورٹ اور واٹس ایپ چیٹ سے ہوا ہے۔

 

واقعہ بیل گھاٹ پولیس اسٹیشن حدود کے مکاری پور گاؤں میں پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ  25سالہ شاداب اور اس کی بیوی 24 سالہ نکہت نشا  کی نعشیں ان کے کمرے سے برآمد ہوئی تھیں۔ شاداب کی نعش پنکھے سے لٹکی ہوئی تھی جبکہ نکہت کی نعش بستر پر پڑی تھی اور اس کے منہ سے جھاگ نکل رہا تھا۔

 

ابتدائی طور پر پولیس نے اسے خودکشی کا معاملہ سمجھا، تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ نکہت کی موت گلا دبانے سے ہوئی تھی، جس کے بعد پورا کیس قتل میں تبدیل ہو گیا۔

 

پولیس تحقیقات کے دوران دونوں کے موبائل فون، کال ریکارڈ اور واٹس ایپ چیٹس کی جانچ کی گئی۔ اس دوران سامنے آیا کہ دونوں کے درمیان لباس کو لے کر شدید تنازعہ چل رہا تھا۔

 

واٹس ایپ چیٹ کے مطابق نکہت نے شوہر سے شکایت کی تھی کہ وہ اسے کہیں گھمانے نہیں لے جاتا اور نہ ہی اس کے لیے خریداری کرتا ہے۔ اس نے لکھا تھا کہ وہ گھر میں قید رہنے والی لڑکی نہیں ہے۔

 

اس کے جواب میں شاداب نے کہا تھا کہ ان کی برادری کی لڑکیاں اس طرح کے کپڑے نہیں پہنتیں اور اگر ساتھ رہنا ہے تو لوور اور ٹی شرٹ پہننا چھوڑنا ہوگا۔

 

پولیس کے مطابق نکہت ممبئی میں پلی بڑھی تھی اور جدید ماحول کی عادی تھی، جبکہ شاداب قدامت پسند سوچ رکھتا تھا۔ دونوں کے درمیان گزشتہ کئی دنوں سے تعلقات کشیدہ تھے۔ نکہت اکثر شوہر کے بے روزگار اور پرانے خیالات رکھنے پر ناراض رہتی تھی۔

 

بتایا گیا ہے کہ دونوں نے تقریباً چھ ماہ قبل خاندان کی رضامندی سے لو میرج کی تھی۔ نکہت اس وقت حاملہ بھی تھی۔گزشتہ صبح جب کمرے کا دروازہ کافی دیر تک نہیں کھلا تو گھر والوں کو شک ہوا۔ دروازہ توڑنے پر دونوں کی نعشیں برآمد ہوئیں۔ پولیس نے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button