حوثی حملوں سے سعودی عرب میں کھلبلی؟ شہزادہ محمد بن سلمان کی نقل و حرکت خفیہ، مختلف محلات میں منتقلی کی اطلاعات

سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے حملوں میں شدت، شہزادہ محمد بن سلمان کی نقل و حرکت خفیہ رکھنے کی اطلاعات
سعودی عرب پر حوثی باغی گزشتہ ایک دہائی کے دوران بے مثال شدت کے ساتھ حملے کر رہے ہیں، جس کے باعث سعودی حکومت کی سکیورٹی تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ان حالات میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان (ایم بی ایس) کی رہائش گاہ اور نقل و حرکت کو خفیہ رکھا جا رہا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق، ان کی حفاظت پر مامور خصوصی سکیورٹی ٹیم انہیں وقتاً فوقتاً بنکروں اور سخت حفاظتی انتظامات والے مختلف شاہی محلات میں منتقل کر رہی ہے۔
حوثی باغی سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، ایندھن کی تنصیبات اور بحری راستوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ حال ہی میں ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہوئے حملے میں تقریباً 13 افراد کی موت اور 300 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اس واقعے کے بعد شہزادہ محمد بن سلمان کی سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے اور وہ عوامی تقریبات میں شرکت سے گریز کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، گزشتہ ہفتے سعودی عرب میں خون کے عطیہ کیمپ کے انعقاد کے بعد سے شہزادہ محمد بن سلمان کسی بھی عوامی تقریب میں نظر نہیں آئے ہیں۔ تاہم، ان کی نقل و حرکت اور سکیورٹی انتظامات سے متعلق ان اطلاعات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔




