جرائم و حادثات

راجستھان میں نیٹ پیپر لیک ! اصل پرچہ جیسے سوالات پہلے ہی بازار میں فروخت ہونے کا انکشاف – 13 افراد گرفتار

میڈیکل کورسز میں داخلوں کے لیے منعقدہ نیٹ یو جی 2026 امتحان میں سوالیہ پرچہ لیک ہونے کے الزامات نے سنسنی پھیلا دی ہے۔ راجستھان میں امتحان سے قبل تقسیم کئے گئے ایک میٹریل میں اصل پرچے سے ملتے جلتے تقریباً 600 نمبروں کے سوالات پائے جانے کے بعد طلبہ میں شدید بے چینی دیکھی جا رہی ہے۔

 

حکام کے مطابق 3 مئی کو منعقدہ امتحان کے سوالات سے مشابہ تقریباً 140 سوالات پر مشتمل ایک پریکٹس پیپر برآمد ہوا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ میٹریل راجستھان کے سیکار علاقے میں امتحان سے دو دن قبل دستیاب تھا اور اسے طلبہ کو 20 ہزار سے 2 لاکھ روپے تک میں فروخت کیا گیا۔

 

راجستھان اسپیشل آپریشنس گروپ نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور 13افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن سے پوچھ تاچھ جاری ہے ۔ حکام اس بات کی جانچ کر رہے ہیں کہ آیا سوالات محض اتفاقیہ طور پر ایک جیسے تھے یا پھر واقعی سوالیہ پرچہ لیک کیا گیا۔ کئی سوالات کے جوابات کی ترتیب بھی ایک جیسی ہونے سے شبہات مزید گہرے ہو گئے ہیں۔

 

تحقیقات میں معلوم ہوا کہ یہ پریکٹس پیپر کیرالا کے ایک میڈیکل کالج میں زیر تعلیم ایم بی بی ایس طالب علم سے تعلق رکھتا ہے۔ الزام ہے کہ اس طالب علم نے یکم مئی کو سیکار میں اپنے ایک دوست کو یہ میٹریل فراہم کیا، جس کے بعد یہ پی جی ہاسٹلز، کوچنگ نیٹ ورکس، کیریئر کاؤنسلرز اور امتحان کی تیاری کرنے والے امیدواروں تک پہنچ گیا۔

 

حکام نے بتایا کہ اس میٹریل میں فزکس، کیمسٹری اور بائیولوجی سے متعلق 300 سے زائد ہاتھ سے لکھے گئے سوالات شامل تھے۔

 

دوسری جانب قومی امتحانی ایجنسی نے بھی اس معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹ یو جی 2026 میں بے ضابطگیوں سے متعلق موصول ہونے والی شکایات ان کے علم میں آچکی ہیں۔ ایجنسی کے مطابق امتحان کے چار دن بعد یہ معلومات موصول ہوئیں، جنہیں متعلقہ تحقیقاتی اداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایجنسی نے یقین دہانی کرائی کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے مکمل حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button