جرائم و حادثات

بلندشہر میں رشتوں کو شرمسار کرنے والا واقعہ – بیٹے نے باپ اور بیوی کو گولی مار دی

بلند شہر – اترپردیش کے ضلع بلندشہر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک نوجوان نے اپنی بیوی اور والد کو گولی مار کر قتل کردیا۔ ملزم کو شبہ تھا کہ اس کی بیوی اور والد کے درمیان ناجائز تعلقات ہیں، جس کے بعد اس نے طیش میں آکر دونوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

 

یہ واقعہ کھرجہ نگر کوتوالی علاقے کے قلعندر گڑھی گاؤں میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ملزم مومن گاؤں میں کلینک چلاتا ہے اور اسے کافی عرصے سے اپنی بیوی ثنا اور والد ریاض الدین پر شک تھا۔

 

اطلاعات کے مطابق مومن کی شادی ایک سال قبل ہوئی تھی جبکہ تقریباً 10 دن پہلے ہی اس کی بیوی نے ایک بچے کو جنم دیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنے والد کے نام پر موجود لائسنس یافتہ پستول سے دونوں کو گولی ماری۔

 

فائرنگ کے نتیجے میں ریاض الدین کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ شدید زخمی ثنا کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دورانِ علاج اس نے بھی دم توڑ دیا۔

 

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے اور دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کردیا گیا۔ واردات کے بعد فرار ہونے والے ملزم کو پولیس نے آدھے گھنٹے کے اندر گرفتار کرلیا۔ پولیس ملزم سے پوچھ تاچھ کررہی ہے اور معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button