دو خاتون قیدیوں سے گھر کی صفائی کروانے والی خاتون جیلر گرفتار
جیلر کی شرمناک حرکت، دو عمر قید کی سزا یافتہ خواتین قیدیوں سے فلیٹ کی صفائی کروائی، گرفتار
جے پور: راجستھان میں ایک خاتون جیلر کو بغیر اجازت دو خواتین قیدیوں کو جیل سے اپنے فلیٹ لے جاکر گھر کی صفائی کروانے کے الزام میں پولیس نے گرفتار کرلیا۔ گرفتار خاتون جیلر کی شناخت 37 سالہ دِویا چودھری کے طور پر کی گئی ہے
، جو اجمیر سنٹرل جیل میں جیلر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ دِویا نے 12 جولائی کو قتل کے الگ الگ مقدمات میں عمر قید کی سزا کاٹ رہی دو خواتین قیدیوں کرن اور ثنا کو عدالتی اجازت کے بغیر اور جیل کے ریکارڈ میں کوئی اندراج کیے بغیر ایک خانگی گاڑی میں اجمیر واقع اپنے فلیٹ منتقل کیا اور ان سے گھر کی صفائی کروائی
۔ یہ معاملہ جیل کے اعلیٰ عہدیداروں کے علم میں آنے کے بعد 5 اگست کو اجمیر سنٹرل جیل کے گارڈ مہپال نے شکایت درج کروائی۔ شکایت میں الزام لگایا گیا کہ جب جیل عملے نے خواتین قیدیوں کو باہر لے جانے سے روکنے کی کوشش کی تو جیلر دِویا اور گارڈ سونیا نے جیل کے مرکزی دروازے پر انہیں دھمکیاں دیں۔ بعد ازاں دونوں قیدیوں کو دوبارہ جیل واپس لایا گیا۔
اس سلسلے میں سول لائنز پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا اور دِویا چودھری کے ساتھ اس کی مدد کرنے والی جیل گارڈ سونیا چودھری کو بھی معطل کردیا گیا۔ اس کے بعد دونوں فرار ہوگئیں۔ پولیس نے تکنیکی شواہد کی مدد سے دِویا کا سراغ لگایا اور 6 اکتوبر کو کوٹہ کے ایک رہائشی مکان سے اسے گرفتار کرلیا
۔ عدالت میں پیشی کے بعد ریمانڈ کے لیے اسے اسی جیل میں منتقل کردیا گیا جہاں وہ جیلر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی تھی۔ پولیس مفرور جیل گارڈ سونیا کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے



