شوہر کو قتل کرکے باتھ روم میں دفنایا، 45 دن تک پولیس کو گمشدگی کے نام پر گمراہ کرتی رہی
آگرہ: اتر پردیش کے آگرہ میں ایک خاتون نے مبینہ طور پر اپنے شوہر کو قتل کرنے کے بعد لاش گھر کے باتھ روم میں دفنا دی، اس پر فرش بنوا دیا اور 45 دن تک روزانہ اسی باتھ روم کا استعمال کرتے ہوئے اہل خانہ اور پولیس کو گمراہ کرتی رہی۔
پولیس کے مطابق متوفی 44 سالہ سریندر کمار شرما کی گمشدگی کی رپ 26 مئی کو درج کی گئی تھی۔ تحقیقات کے دوران خاتون کے جیٹھ کو اس کے رویے پر شک ہوا۔ انہوں نے اعتماد میں لے کر بات کی تو خاتون روبی نے قتل کا اعتراف کر لیا۔ اس کی نشاندہی پر پولیس نے باتھ روم کا فرش توڑ کر قبر نما گڑھے سے صرف ڈھانچہ (کنکال) برآمد کیا، کیونکہ لاش بری طرح گل چکی تھی۔
ملزمہ نے پولیس کو بتایا کہ اس کا شوہر شراب نوشی کے بعد اکثر اس پر تشدد کرتا تھا۔ اسی وجہ سے اس نے کھیر میں 18 سے زائد نیند کی گولیاں ملا کر شوہر کو کھلا دیں، جس سے اس کی موت ہوگئی۔ اگلی صبح اس نے لاش کو گھسیٹ کر باتھ روم میں لے جا کر دفن کر دیا، بعد ازاں مزدور بلا کر وہاں نیا فرش بنوا دیا۔
پولیس کے مطابق خاتون نے واردات کے بعد اپنے دیور، بچوں اور ساس کو مختلف بہانوں سے گھر سے دور رکھا اور خود بھی کچھ دنوں کے لیے راجستھان چلی گئی۔ واپسی پر وہ شوہر کی تلاش میں پولیس کے ساتھ شریک ہوتی رہی اور رونے کا ڈرامہ کرکے تفتیش کو گمراہ کرتی رہی۔
پولیس نے ملزمہ کو حراست میں لے کر محلہ سے پریڈ کرواتے پوئے جبکہ برآمد شدہ ڈھانچے کا فرانزک معائنہ کرایا جا رہا ہے تاکہ مزید شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔




