پارٹی کا نام تبدیل کریں۔ کویتا کو الیکشن کمیشن کا مکتوب

حیدرآباد: کلواکنٹلہ کویتا کی جانب سے قائم سیاسی جماعت "تلنگانہ رکشنا سینا ” کے نام پر بڑی تعداد میں اعتراضات اور شکایات موصول ہونے کا الیکشن کمیشن نے انکشاف کیا ہے۔
اس کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے کویتا کو متبادل نام تجویز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس سلسلے میں مرکزی الیکشن کمیشن نے انہیں ایک باضابطہ مکتوب بھی ارسال کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کلواکنٹلہ کویتا کی جانب سے قائم کی گئی سیاسی جماعت "تلنگانہ رکشنا سینا ” کے نام پر عوام کی جانب سے شدید اعتراضات سامنے آنے کے بعد مرکزی الیکشن کمیشن نے پارٹی کو نام تبدیل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ اگر 15 دنوں کے اندر تین متبادل نام تجویز نہیں کیے گئے تو پارٹی کی رجسٹریشن کے لیے دی گئی درخواست کو بند کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب تلنگانہ رکشنا سینا نے الیکشن کمیشن کے خط کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کمیشن کی جانب سے صرف دو اعتراضات سے آگاہ کیا گیا ہے۔پارٹی کا کہنا ہے کہ باقی اعتراضات کی تفصیلات بتائے بغیر متبادل نام تجویز کرنے کا مطالبہ کیسے کیا جا سکتا ہے۔
تلنگانہ رکشنا سینا نے واضح کیا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو پارٹی کے نام کے معاملے پر قانونی جنگ بھی لڑی جائے گی۔



