پڑوسی نے گھر میں گھس کر خاتون کا گلا گھونٹ دیا، شوہر کی شکایت پر قتل کا مقدمہ درج
پڑوسی نے گھر میں گھس کر خاتون کا گلا گھونٹ دیا، شوہر کی شکایت پر قتل کا مقدمہ درج
لکھنو – اتر پردیش کے غازی آباد ضلع کے لونی پولیس اسٹیشن علاقے کی پریم نگر کالونی میں ایک 31 سالہ شادی شدہ خاتون کو مبینہ طور پر پڑوسی نے گھر میں گھس کر گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔ واردات کے وقت خاتون کا شوہر اور خاندان کے دیگر افراد گھر سے باہر تھے، جبکہ دو کمسن بچے گھر میں موجود تھے۔ شوہر کی شکایت پر پولیس نے پڑوسی فیضان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے اس کی تلاش شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق موڈی نگر کے بھوگاؤں کے رہائشی نثار اپنے افراد خاندان کے ساتھ لونی کی پریم نگر کالونی میں کرائے کے مکان میں رہتے ہیں اور اکرام نگر میں سلائی کا کام کرتے ہیں۔ ان کی شادی 2014 میں رضوانہ سے ہوئی تھی۔ ان کے چار بچے، احد، ندا، محمد شاد اور حمیرہ ہیں۔
نثار نے الزام لگایا کہ اسی مکان کی دوسری منزل پر رہنے والا فیضان عرف بہرا اکثر ان کی غیر موجودگی میں ان کے گھر آیا کرتا تھا۔نثار کے مطابق پڑوسیوں اور بچوں نے فیضان کی آمد و رفت کے بارے میں انہیں اطلاع دی، جس کے بعد انہوں نے اسے گھر آنے سے منع کر دیا۔
چند روز قبل فیضان مکان خالی کرکے چلا گیا، تاہم جاتے وقت اس نے دھمکی دی تھی کہ اگر رضوانہ اس کی نہیں ہوئی تو وہ کسی کی بھی نہیں رہے گی، اور مکان خالی کرانے کا انجام انہیں بھگتنا پڑے گا۔
۔ ہفتہ کے روز وہ اکرام نگر میں ایک رشتہ دار کے انتقال پر تعزیت کے لیے گئے ہوئے تھے، جبکہ بڑے بچے حمیرہ اور شاد اسکول میں تھے اور گھر پر صرف ندا اور احد موجود تھے۔
الزام ہے کہ اسی دوران فیضان گھر میں داخل ہوا، رضوانہ کے ساتھ جھگڑا اور مارپیٹ کی، جس کے بعد رسی سے ان کا گلا گھونٹ کر قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ نثار جب گھر واپس پہنچے تو انہیں واقعے کا علم ہوا۔ انہوں نے قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج دیکھی، جس میں مبینہ ملزم فیضان کو واردات کے بعد گھر سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی، جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد اکٹھا کیے۔ لونی کے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس رام کشن نے بتایا کہ شکایت کی بنیاد پر فیضان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ملزم فرار ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے پولیس کی ٹیمیں مسلسل چھاپے مار رہی ہیں۔ چند افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے بعد قتل کی اصل وجہ سامنے آئے گی۔



