ایجوکیشن

ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کا 36واں فاونڈیشن ڈے، اکیڈیمی کے163 اداروں میں منایا گیا

حیدرآباد، 11 اگست 2026: ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کا 36واں فاونڈیشن ڈے آج تلنگانہ، مہاراشٹرا، اترپردیش اور نئی دہلی میں قائم اس کے 163 اداروں میں مختلف پروگراموں کے انعقاد کے ساتھ جوش و خروش سے منایا گیااس موقع پر ایم ایس کے 35 سالہ تعلیمی سفر کی تکمیل پر عزمِ نو، کردار سازی، بہترین انسان اور ملک و ملت کے لیے کارآمد شہری بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

 

ایم ایس کا آغاز 10 اگسٹ 1991 کو ہوا تھا۔ریاست تلنگانہ میں بونالو کے موقع پر 10 اگست کو تعطیل ہونے کے باعث اس مرتبہ فاونڈیشن ڈے کی تقریبات 11 اگست 2026 کو تمام 163اداروں میں منعقد کی گئیں۔

 

تقریبات کا آغاز قرأتِ قرآن سے ہوا، جس کے بعد ایم ایس پرچم کشائی اور ایم ایس ترانہ پیش کیا گیا۔ ڈائریکٹر یا پرنسپل نے خیرمقدمی کلمات پیش کیے۔ اس کے بعد ایم ایس کے 35 سالہ سفر پر مبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی، جس کے ذریعے طلبہ کو ادارے کے قیام، ارتقا اور کامیابیوں سے واقف کرایا گیا۔

 

تقریب میں سینئر مینجمنٹ کے پیغامات اور چیئرمین محمد لطیف خان کا خصوصی خطاب بھی ویڈیو کے ذریعے پیش کیا گیا جس میں انہوں نے 1991 میں ایم ایس کی ابتداء کو یاد کرتے ہوئے ، ایم ایس کے وژن 2036 کے تحت سال 2036تک اعلیٰ معیار ی تعلیمی مراکزقائم کرنے اور طلبہ کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے کےاہدف پر روشنی ڈالی۔

 

اس موقع پر وائس چیئرپرسن نزہت خان نے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے کارپوریٹ آفس میں منعقدہ تقریب میں ایم ایس سے وابستہ افراد کو یومِ تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی وابستگی، عزم اور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے 2036 تک کے وژن کے سفر میں سب کے مسلسل ساتھ کی امید ظاہر کی اور ان کی خدمات کے لیے دعا کی۔

 

36واں فاونڈیشن ڈے تقریب کے موقع پرمنیجنگ ڈائریکٹر انور احمد نے کہا کہ1991میں ایک کمرے میں کوچنگ اکیڈیمی کی حیثیت سے شروع ہونے والا ایم ایس آج ایک وسیع تعلیمی ادارے کی شکل اختیار کرچکا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ بڑے خواب دیکھیں، اپنے مستقبل کے اہداف ابھی سے متعین کریں، اساتذہ اور والدین کا احترام کریں اور اپنی صلاحیتوں کو ملک و ملت کی خدمت کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ فاونڈیشن ڈے محض جشن نہیں بلکہ اپنے عزم اور ذمہ داری کو تازہ کرنے کا دن ہے۔

 

ڈاکٹر معظم حسین، منیجنگ ڈائریکٹر، ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے طلبہ کو ایم ایس کے تعلیمی مشن، دینی و اخلاقی تربیت اور کردار سازی پر خصوصی توجہ دینے کی تلقین کی۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ ایم ایس اور اس سے وابستہ تمام افراد کے لیے دعا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس کی نمایاں خصوصیت صرف معیاری تعلیم فراہم کرنا نہیں، بلکہ طلبہ کی دینی تربیت، اخلاقی اقدار کی آبیاری اور مضبوط کردار سازی بھی ہے۔

 

اس موقع پر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے تمام 163 اداروں میں جشن، فخر اور خوشی کا ماحول دیکھنے میں آیا، جہاں طلبہ، اساتذہ اور اسٹاف نے ایم ایس کے 35 سالہ شاندار سفر اور اس دوران حاصل ہونے والی کامیابیوں کو یاد کیا۔ تقریبات میں ماضی کی کامیابیوں پر اظہارِ تشکر اور مستقبل کے بلند عزائم کا حسین امتزاج نظر آیا۔

 

طلبہ نے نئے عزم، امید اور جوش کے ساتھ ایم ایس کے مشن اور اقدار کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانے اور معاشرے و ملک کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button