جان سے مارنے کی دھمکیوں کے باوجود سلمان خان سکندر کی شوٹنگ کیلئے حیدرآباد پہنچے – تاج فلک نما میں گیت کی فلمبندی فلم سٹی میں ایکشن سیکوئین، دسمبر میں یورپ روانگی
محمد عبدالسلام فلم جرنلسٹ
کچھ دنوں سے جان سے مار دینے کی دھمکیوں کے باوجود، بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان اپنے کمٹمنٹ کی تکمیل کے لیے حیدرآباد پہنچے ہیں۔ وہ یہاں تاریخی تاج فلک نما پیلس میں اپنی عید فلم "سکندر” کے ایک گانے کی شوٹنگ کریں گے، جس میں ان کی ہیروئن رشمیکا مندنا بھی شامل ہوں گی۔ اس گانے کی شوٹنگ میں تقریباً 200 بیک گراؤنڈ ڈانسرز بھی ہوں گے۔ تاج فلک نما پیلس کو شاندار پیمانے پر فیری لائٹس سے سجایا گیا ہے۔
سلمان خان کے حیدرآباد پہنچنے سے ایک دن قبل ان کی سیکیورٹی ٹیم کے اہلکار لوکیشن پر پہنچ گئے تھے تاکہ شوٹنگ کے دوران ہر چیز مکمل طور پر تیار ہو۔ تاج فلک نما پیلس سلمان خان کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ انہوں نے 2014 میں یہاں اپنی بہن ارپیتا خان کی شادی کی تقریب بھی منعقد کی تھی۔
ذرائع کے مطابق، اس گانے کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد سلمان خان اپنی فلم کے دیگر مناظر کی عکس بندی کے لیے دھاراوی میں بنائے گئے خصوصی سیٹ پر جائیں گے۔ تقریباً 15 کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا گیا یہ سیٹ ایک زبردست ایکشن سیکوئنس کے لیے استعمال کیا جائے گا، جسے مشن ایمپاسیبل سیریز کی طرز پر فلمایا جائے گا۔ اس 400 کروڑ روپے کے بجٹ پر بنائی جا رہی فلم کو اے آر مرگاداس ڈائریکٹ کر رہے ہیں، جبکہ ساجد نڈیاڈ والا اس کے پروڈیوسر ہیں۔
ایکشن سیکوئنس مکمل ہونے کے بعد فلم کا یونٹ رومانٹک مناظر کی فلم بندی کے لیے یورپ روانہ ہوگا۔ فلم میں سنیل شیٹی، کاجل اگروال، اور سکندر کھیر جیسے معروف اداکار بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔