تلنگانہ

شانِ رسالتؐ میں گستاخی، حیدرآباد کے ملعون یو ٹیوبر کے خلاف تنظیم المساجد سدی پیٹ کی پولیس سے شکایت، سخت کاروائی کا مطالبہ

سدی پیٹ۔ یو نیوز ویب چینل سے وابستہ چلوکا پراوین کی جانب سے شانِ رسالت مآب حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی شان میں گستاخی کے خلاف تنظیم المساجد سدی پیٹ کے ایک وفد نے اسسٹنٹ کمشنر پولیس ایم رویندر ریڈی سے ملاقات کی اور انہیں ایک تحریری یادداشت پیش کی۔

 

تنظیم المساجد سدی پیٹ کے معتمد جناب محمد عبید الرحمٰن اور تحریک محبانِ تنظیم المساجد کے صدر جناب درویش محی الدین نے اس ملاقات میں چلوکا پروین کے اشتعال انگیز اور گستاخانہ کلمات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس شرانگیز بیان سے نہ صرف مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں بلکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قومی سلامتی کو بھی خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

 

وفد نے یادداشت میں واضح کیا کہ چلوکا پروین نے اپنے یوٹیوب چینل پر سیرتِ طیبہؐ سے متعلق حقائق کو مسخ کرتے ہوئے انتہائی توہین آمیز اور اشتعال انگیز بیان دیا جن کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔ وفد نے کہا کہ ہندوستان ایک کثیرالمذاہب اور وحدت میں کثرت کی عظیم مثال ہے، جہاں تمام مذاہب اور مقدس شخصیات کے احترام کو آئینی تحفظ حاصل ہے۔

 

اس تناظر میں چلوکا پروین کے توہین آمیز بیان کو ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے اُس کے خلاف فوری اور سخت ترین قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔اس موقع پر وفد نے اے سی پی رویندر ریڈی کو پروین کے یوٹیوب پر نشر کردہ ویڈیو کلپ بھی فراہم کی اور مطالبہ کیا کہ نہ صرف چلوکا پروین کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے بلکہ یو نیوز چینل کی نشریات کو بھی فوری بند کیا جائے۔

 

وفد نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے واقعات کے اعادہ کو روکنے کے لیے سخت قانونی اور انتظامی اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ کوئی شخص مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کی جرأت نہ کر سکے۔اس وفد میں تنظیم المساجد کے رکن پیر احمد، خواجہ عظیم الدین (لیکچرار)، شیخ شرجیل، نزیر الرحمٰن، تحریک محبانِ تنظیم کے محمد افتخار، سوہیل عمران اور دیگر احباب بھی شامل تھے۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button