ماہرِ تعلیم و ہائی کورٹ کے وکیل محمد اختر شریف تلنگانہ سٹیزن کونسل کے ریاستی جنرل سکریٹری مقرر
حیدرآباد(پریس نوٹ)معروف ماہرِ تعلیم، ہائی کورٹ کے سینئر وکیل اور سماجی خدمت گزار ایڈوکیٹ محمد اختر شریف کو تلنگانہ سٹیزن کونسل (TCC) کا ریاستی جنرل سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔
اس سلسلہ میں منعقدہ تلنگانہ سٹیزن کونسل کے جنرل باڈی اجلاس میں اراکین نے متفقہ طور پر ان کے نام کی منظوری دی۔ تلنگانہ سٹیزن کونسل کے صدرڈاکٹر راج نارائن نے اس موقع پر کہا کہ محمد اختر شریف گزشتہ دو دہائیوں سے سماجی، تعلیمی اور قومی خدمات کے مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے امن و امان کے فروغ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، قومی یکجہتی، ماحولیاتی تحفظ، سماجی ترقی، مفت طبی کیمپوں کے انعقاد، غریب و نادار افراد کی امداد اور طلبہ میں مفت کتابوں کی تقسیم جیسے متعدد عوامی فلاحی پروگراموں میں سرگرم حصہ لیا ہے۔
ڈاکٹر راج نارائن نے بتایا کہ محمد اختر شریف کو تعلیمی اور قانونی خدمات کے اعتراف میں ہائی کورٹ کے معزز جج صاحبان، مرکزی و ریاستی وزراء اور مختلف سماجی و تعلیمی اداروں کی جانب سے کئی اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔ انہوں نے جامعہ عثمانیہ سے ایم اے، بی ایڈ اور ایل ایل بی کی ڈگریاں حاصل کیں جبکہ آسٹریلیا سے ڈی ایس ایم سمیت متعدد اعلیٰ تعلیمی اسناد بھی حاصل کی
ہیں۔ایڈوکیٹ محمد اختر شریف تعلیم، قانون، انتظامی امور اور ادارہ جاتی نظم و نسق کے شعبوں میں بائیس سال سے زائد تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ اس وقت تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی ہائی کورٹس میں وکالت کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ سنٹرل ایڈمنسٹریٹو ٹریبونل (CAT)، مختلف اسٹیٹ ایڈمنسٹریٹو ٹریبونلز، ٹیکس و مالیاتی ٹریبونلز، نیشنل کمپنی لا ٹریبونل (NCLT)، ریاستی انسانی حقوق کمیشن، قومی و ریاستی کمیشن برائے خواتین اور قومی و ریاستی کمیشن برائے اقلیتوں سمیت متعدد عدالتی، نیم عدالتی اور آئینی اداروں میں مقدمات کی مؤثر پیروی کر چکے ہیں
۔وہ ایک ممتاز مقرر اور تربیتی ماہر کی حیثیت سے بھی شہرت رکھتے ہیں۔ اب تک وہ حیدرآباد اور ملک کے مختلف شہروں میں دو ہزار سے زائد لیکچرس، ورکشاپس، سیمینارس اور بیداری پروگراموں سے خطاب کر چکے ہیں۔ ان کے خطابات میں تعلیمی انتظامیہ، قانونی ضوابط، بچوں کے تحفظ کے قوانین، انسانی حقوق، ادارہ جاتی حکمرانی، سروس معاملات اور ریگولیٹری فریم ورک جیسے اہم موضوعات شامل رہے ہیں
۔تلنگانہ سٹیزن کونسل کے ذمہ داران اور مختلف سماجی شخصیات نے محمد اختر شریف کی تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت اور تجربہ تنظیم کی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے اور عوامی خدمات کے فروغ میں مؤثر ثابت ہوگا۔



