62 سالہ ڈیمی مور دنیا کی سب سے خوبصورت خاتون قرار

نئی دہلی: خوبصورتی کی تعریف بدلنے لگی ہے اور اس تبدیلی کی سب سے نمایاں مثال بن کر ابھری ہیں 62 سالہ ہالی ووڈ اسٹار ڈیمی مور جنہیں عالمی شہرت یافتہ جریدے پیپل میگزین نے "2025 کی سب سے خوبصورت خاتون” کا خطاب دیا ہے۔
ڈیمی مور نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ حسن صرف چہرے کی چمک یا عمر کی قید میں نہیں ہوتا، بلکہ اصل خوبصورتی اعتماد، تجربے، اور اندرونی توازن سے جنم لیتی ہے۔ پیپل میگزین کے ڈیجیٹل سرورق پر ان کا نیا فوٹو شوٹ جاری کیا گیا
ہے جس میں وہ نہایت باوقار، جدید اور بااعتماد انداز میں روایتی تصورات کو چیلنج کرتی نظر آتی ہیں۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ”ہاں کبھی کبھی آئینے میں خود کو دیکھ کر سوچتی ہوں کہ میں بوڑھی لگ رہی ہوں… لیکن اب میں اس حقیقت کو
قبول کرتی ہوں۔ یہ میرے وجود کا حصہ ہے، مگر یہ میری پہچان نہیں۔ خوبصورتی اب میرے لیے جسم سے زیادہ ذہن اور دل کا سکون ہے۔”
انہوں نے مزید کہا "پہلے میں صرف جسمانی حسن پر توجہ دیتی تھی اور خود کو سختی سے جج کرتی تھی لیکن اب میرے نزدیک خوبصورتی کا مطلب ہے مکمل صحت، ذہنی سکون اور زندگی کا معیار”