تلنگانہ میں 22-اے اراضی کے مسائل کے حل کی جانب اہم قدم – نالا فیس ادا کرکے رجسٹریشن کی اجازت

تلنگانہ حکومت نے برسوں سے زیر التوا 22-اے اراضی کے مسائل کے حل کے سلسلے میں ایک اور اہم فیصلہ کیا ہے۔ وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے نان ایگریکلچر لینڈ اسسمنٹ نالا (NALA) اجازت کے بغیر رہائشی استعمال میں لائی گئی پٹہ اراضی کی رجسٹریشن سے متعلق مسائل کو دور کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حکومت نے اہل اراضی کے مالکان کو مقررہ نالا فیس ادا کرکے رجسٹریشن کرانے کی اجازت دیتے ہوئے اس سلسلے میں احکامات جاری کردیئے ہیں۔
ریونیو محکمہ نے اس سلسلے میں خصوصی سرکاری احکامات جاری کئے ہیں۔ وزیر پی سرینواس ریڈی نے ضلعی کلکٹرس کو ہدایت دی کہ اہل درخواستوں کو مقررہ مدت میں تیزی سے نمٹایا جائے۔
چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے 22-اے اراضی کے مسائل حل کرنے کی دی گئی یقین دہانیوں پر حکومت تیزی سے عمل کررہی ہے۔ اس سلسلے میں اب تک پانچ اہم احکامات جاری کئے جاچکے ہیں۔ جی ایچ ایم سی، ایچ ایم ڈی اے، ڈی ٹی سی پی اور میونسپل اجازت حاصل ہونے کے باوجود 22-اے فہرست میں شامل مکانات، پلاٹس اور فلیٹس کی رجسٹریشن کی بھی اجازت دی گئی ہے۔
جی او 118 اور جی او 76 کے مطابق رہنمایانہ اصول تیار کرتے ہوئے کئی برسوں سے زیر التوا اربن لینڈ سیلنگ (ULC) درخواستوں کی یکسوئی کی راہ بھی ہموار کی گئی ہے۔



