جنوب مغربی مانسون کی وقت سے پہلے آمد کا امکان

نئی دہلی : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس سال جنوب مغربی مانسون معمول سے زیادہ تیزی کے ساتھ ملک میں داخل ہورہا ہے۔اندازہ ہے کہ یہ مانسون 24 مئی کو کیرالہ میں داخل ہوسکتا ہے فی الحال مانسون انڈمان و نکوبار جزائر تک پھیل چکا ہے اور معمول سے پانچ دن پہلے ہی انڈمان پہنچ چکا ہے۔
قبل ازیں محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ مانسون 27 مئی کو کیرالہ میں داخل ہوگا، لیکن تازہ حالات کے مطابق اس کی آمد متوقع تاریخ سے پہلے ہوگی۔محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون کے اثر سے کیرالہ، کرناٹک، گوا، مہاراشٹرا، تمل ناڈو، پڈوچیری، ساحلی آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں شدید بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ شمال مشرقی ریاستوں جیسے آسام، میگھالیہ، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، منی پور، میزورم، اور تریپورہ میں بھی شدید سے بہت شدید بارش متوقع ہے۔دوسری جانب شمالی ہند کے علاقوں میں جیسے دہلی، پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، اور اتر پردیش میں دھول کے طوفان آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔