نیشنل

ممبئی میں لینڈ سلائیڈنگ 2 ہلاک 8 افراد ملبہ تلے پھنس گئے

ممبئی: ریاست مہاراشٹرا ممبئی کے گھاٹ کوپر علاقہ میں آج علی الصبح لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا جس کی زد میں آکر کئی لوگ ملبے میں دب گئے۔

 

پولیس نے بتایا کہ 2 لوگوں کی نعشیں ملبہ سے نکالی جا چکی ہیں اور کم و بیش 8 افراد اب بھی پھنسے ہو سکتے ہیں۔ راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ ممبئی میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے اور مانا جا رہا ہے کہ شدید بارش کے باعث ہی لینڈ سلائیڈنگ کا یہ واقعہ پیش آیا ہے۔

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کے گھاٹ کوپر علاقے میں آنے والے چراغ نگر میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پہاڑ کا ایک حصہ غوثیہ چال پر آ گرا۔ اس لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر کئی لوگ ملبے میں دب گئے۔ اس حادثہ کے بعد علاقہ میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔

 

ملبہ میں دبنے والے کچھ لوگوں کو فوری کارروائی کرتے ہوئے بچایا گیا، حالانکہ ملبے میں اب بھی 6 سے 8 لوگوں کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔ انھیں بچانے کے لیے راحت و بچاؤ کا کام جاری ہے۔پولیس کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق حادثہ علی الصبح تقریباً 4 بجے پیش آیا۔

 

مہاراشٹر پولیس اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں واقعہ کی خبر ملتے ہی جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور بچاو و راحت کاری کا کام شروع کر دیا۔ ممبئی کی میئر ریتو تاؤڑے بھی موقع پر پہنچ گئی ہیں اور راحت اور بچاؤ کے کام کا جائزہ لے رہی ہیں۔

 

بتایا جا رہا ہے کہ ایمبولینس کی گاڑیاں اب بھی موقع پر تعینات ہیں تاکہ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا جا سکے۔ بی ایم سی نے بتایا کہ 2 نعشیں اسپتال پہنچائی گئی ہیں اور 2 زخمیوں جن میں

 

سہیل انصاری (18 سال) اور محمد انصاری (14 سال) شامل ہیں انھیں ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ مہلوکین سے متعلق جانکاری فی الحال سامنے نہیں آئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button