جرائم و حادثات

تلنگانہ کے سرکاری ہاسپٹل میں زچہ کی خودکشی – مسلسل چوتھی بیٹی کی پیدائش پر خاندانی تنازعہ کا الزام

تلنگانہ کے نلگنڈہ ضلع کے سرکاری  ہاسپٹل میں ایک زچہ نے پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ متوفیہ کی شناخت منگوڈ منڈل کے چیکٹی مامڑی کی رہنے والی ممتا (27) کے طور پر ہوئی ہے۔

 

ممتا تقریباً ایک ہفتہ قبل زچگی کے لیے ہاسپٹل میں داخل ہوئی تھیں، جہاں انہوں نے چوتھی بیٹی کو جنم دیا تھا۔ چہارشنبہ کی علی الصبح وہ وارڈ سے باہر آئیں اور ہاسپٹل کے احاطے میں پوسٹ مارٹم روم کے قریب ایک درخت سے ساڑی کے ذریعہ پھانسی لگا لی۔

 

بتایا جاتا ہے کہ ممتا کے پہلے سے تین بیٹیاں تھیں اور حال ہی میں چوتھی بار بھی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔ رشتہ داروں کے مطابق مسلسل بیٹیوں کی پیدائش کے بعد خاندان میں اختلافات پیدا ہوگئے تھے اور کچھ عرصے سے میاں بیوی اور سسرالی رشتہ داروں کے درمیان جھگڑے جاری تھے۔

 

ممتا کے گھر والوں نے الزام عائد کیا کہ سسرالی رشتہ داروں کی مبینہ ہراسانی اور خاندانی تنازعات کے باعث اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس اسپتال پہنچی، شواہد جمع کیے اور مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

 

پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ممتا کی خودکشی کی اصل وجہ اور مبینہ ہراسانی کے الزامات کی مکمل تفصیلات تحقیقات کے بعد ہی سامنے آسکیں گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button