حیدرآباد میں بارش کے پانی میں بہہ جانے سے ایک شخص کی موت

حیدرآباد _ 20 اگست ( اردولیکس) حیدرآباد میں منگل کی صبح ہوئی طوفانی بارش میں ایک شخص کی پانی میں بہہ جانے سے موت ہوگئی۔جس کی شناخت 43 سالہ وجئے کی حیثیت سے ہوئی ہے جو یومیہ مزدور بتایا گیا ہے یہ حادثہ شہر کے مشیرآباد کے رام نگر میں پیش آیا۔جہاں وجئے کام کی تلاش میں گھر سے صبح 5 بجے نکلا تھا پانی کے بہاؤ میں بہہ کر ہلاک ہوگیا۔ صبح 7 بجے مقامی لوگوں نے اس کی نعش بیپٹسٹ چرچ کے پاس دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔ جی ایچ ایم سی اور پولیس نے نعش کو مردہ خانہ منتقل کردیا
شہر میں بارش کا سلسلہ صبح چار بجے کے بعد شروع ہوا۔ دھواں دھار بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ۔ جس کی وجہ سے گاڑی چلانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی مقامات پر سڑکیں جھیل میں تبدیل ہو گئی۔رام نگر کی سڑکوں پر موٹر سائیکل کے ساتھ لوگ کافی دور تک پانی میں بہہ گئے۔
خیریت آباد، کوٹھی، سلطان بازار، بیگم بازار، عابڈس، نامپلی، بشیر باغ، لکڑی کاپل، سیف آباد، لبرٹی، حمایت نگر، نارائن گڑہ، ٹینک بند، ملک پیٹ، دلسکھ نگر، ایل بی نگر، ونستھلی پورم، حیات نگر، بنجارہ ہلز، پنجہ گٹہ، جوبلی ہلز اور پرانے شہر کے دیگر کئی علاقوں میں بارش ہوئی۔ بارش کا یہ سلسلہ صبح 8 بجے تک جاری رہا
کئی علاقوں میں 10 سینٹی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی۔یوسف گوڈا نے 12 سینٹی میٹر، راجندر نگر 11، ویسٹ ماریڈ پلی 10، اپل 10، گولکنڈہ میں 10 اور پکیٹ نے 10 سینٹی میٹر بلندی ریکارڈ کی۔