کیرالا میں مسلم لیگ کا جلوہ: 22 سیٹوں پر کامیابی کے ساتھ یو ڈی ایف کی جیت میں فیصلہ کن کردار – پہلی خاتون ایم ایل اے فاطمہ بھی منتخب

انڈین یونین مسلم لیگ نے کیرالا اسمبلی انتخابات میں یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کی کامیابی میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ پارٹی نے مضبوط ستون کے طور پر کام کرتے ہوئے ریکارڈ 22 نشستیں حاصل کیں پارٹی نے 27 امیدوار کھڑا کئے تھے اور خاص طور پر مالابار خطے میں اپنی منظم حکمت عملی اور قیادت کے ذریعے اتحادی جماعت کانگریس کا اعتماد مزید مستحکم کیا۔
مسلم لیگ اسمبلی میں کانگریس اور سی پی آئی (ایم) کے بعد تیسری سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے اور آئندہ یو ڈی ایف حکومت میں کلیدی کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔ اگرچہ ریاستی صدر سید صادق علی شهاب تھنگل نے ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدے کا کوئی مطالبہ نہ کرنے کی بات کہی ہے، تاہم پارٹی قیادت کے اندر یہ احساس پایا جاتا ہے کہ حکمرانی میں اسے زیادہ حصہ ملنا چاہیے۔
دریں اثنا، انڈین یونین مسلم لیگ کی فاطمہ تہلیہ نے پیریمبرا نشست پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے تاریخ رقم کی اور پارٹی کی پہلی خاتون ایم ایل اے بن گئیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر 81,429 ووٹ حاصل کئے اور 5,087 ووٹوں کے فرق سے کامیابی درج کی۔
فاطمہ تہلیہ کی کامیابی معمولی نہیں ہے۔ انہوں نے پیرمبرا حلقہ میں، جو 1980 سے تقریباً 46 برسوں سے سی پی آئی (ایم) کا مضبوط گڑھ رہا ہے، شاندار فتح حاصل کی۔
پیشہ کے اعتبار سے وکیل فاطمہ تہلیہ اس وقت کوزیکوڈ میونسپل کارپوریشن کی کونسلر ہونے کے ساتھ ساتھ مسلم یوتھ لیگ کی سکریٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہی ہیں۔





