کڑپہ کے عازم حج امداد اللہ صاحب کا مکہ مکرمہ میں انتقال
کڑپہ – حج کے دوران وفات کو خوش نصیبی تصور کیا جاتا ہے۔ ایسے ہی ایک خوش نصیب شخصیت آندھرپردیش کے کڑپہ کے معروف ’’بمبئی اسٹوڈیو‘‘ کے مالک جناب امداد اللہ رہے، جن کا دورانِ عبادت مکہ مکرمہ میں انتقال ہوگیا۔
اطلاعات کے مطابق جناب امداد اللہ 19 اپریل کو سعادت حج کے مقدس سفر کے لئے روانہ ہوئے تھے۔ جمعہ کے روز نماز کی ادائیگی کے بعد انہیں اچانک دل کا دورہ پڑا، جس کے نتیجے میں ان کا انتقال ہوگیا۔ ان کی وفات کی خبر سے افراد خاندان، دوست احباب اور عوام میں غم کی لہر دوڑ گئی، تاہم مقدس سرزمین میں آخری سانس لینے کو لوگ ان کے لئے عظیم سعادت قرار دے رہے ہیں۔
آندھرا پردیش اردو اکیڈمی کے چیئرمین الحاج فاروخ شبلی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مکہ مکرمہ میں وفات نصیب ہونا اللہ تعالیٰ کی خاص رحمت اور خوش نصیبی کی علامت ہے۔ انہوں نے مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کی خدمات کو قبول فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور تمام پسماندگان کو صبرِ جمیل نصیب فرمائے۔



