پوپ فرانسس چل بسے

نئی دہلی: رومن کیتھولک چرچ کے سربراہ اور دنیا بھر میں کروڑوں عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس، 88 برس کی عمر میں دارِ فانی سے رخصت ہو گئے۔ ویٹی کن سٹی نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ پیر کے روز ایسٹر کے تہوار کے ایک دن بعد انتقال کر گئے۔
پوپ فرانسس طویل عرصے سے سانس کے عارضے میں مبتلا تھے اور حالیہ مہینوں میں ان کی طبیعت خاصی ناساز رہی۔ انہیں ڈبل نمونیا کے باعث کئی روز اسپتال میں زیر علاج رکھا گیا۔ چند روز قبل ہی وہ صحت یاب ہو کر اسپتال سے واپس آئے تھے۔
اتوار کے روز ایسٹر کے موقع پر انہوں نے سینٹ پیٹرز اسکوائر میں عوامی اجتماع میں شرکت کی اور مختلف رہنماؤں سے مختصر ملاقاتیں بھی کیں، تاہم وہ اپنی کمزور صحت کے سبب طویل خطاب نہ کر سکے۔
پوپ فرانسس 2013 میں اس وقت پوپ منتخب ہوئے تھے جب اُن کے پیشرو، پوپ بینیڈکٹ نے استعفیٰ دیا۔ وہ رومن کیتھولک چرچ کے پہلے لاطینی امریکی رہنما تھے، اور اس سے پہلے ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس کے آرچ بشپ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔
ان کے انتقال پر دنیا بھر کے مذہبی اور سیاسی رہنماؤں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے، اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔