نیشنل

ایس آئی آر پر الیکشن کمیشن کا اہم فیصلہ، نوٹس پانے والے ووٹروں کو شخصی سماعت کے لئے حاضری سے راحت

نئی دہلی، 26 ستمبر (اردو لیکس ڈیسک) ووٹر فہرست کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کے معاملے میں الیکشن کمیشن نے اہم فیصلے کرتے ہوئے نوٹس پانے والے ووٹروں کے لئے شخصی سماعت کے عمل میں نرمی کردی ہے

 

الیکشن کمیشن نے ہدایت دی ہے کہ SIR کے نوٹس حاصل کرنے والے ہر ووٹر کے گھر خود بوتھ لیول افسران (BLOs) جائیں گے۔ ووٹروں کو کسی قسم کی دشواری سے بچانے کے لیے BLOs خود گھروں پر پہنچ کر ضروری دستاویزات اور ثبوتوں کی جانچ کریں گے اور انہیں حاصل بھی کریں گے۔ متعلقہ دستاویزات آن لائن اپ لوڈ کرنے کی ذمہ داری بھی BLOs کی ہوگی۔

 

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ان تبدیلیوں کا مقصد ووٹروں کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے اور قطاروں میں کھڑے ہوکر ہونے والی دشواری سے بچانا ہے۔

 

۔ کمیشن کے مطابق ایسے ووٹروں کو صرف انتہائی ضروری صورت حال میں ذاتی طور پر سماعت کے لئے حاضر ہونا ہوگا۔ کمیشن نے SIR کے تحت ووٹر رجسٹریشن کے لئے فارم-6 کے استعمال کو بھی تسلیم کیا ہے۔

 

چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور الیکشن کمشنروں ڈاکٹر سکھ بیر سنگھ سندھو اور ڈاکٹر وویک جوشی نے ہفتہ کو نئی دہلی میں الیکشن کمیشن کے دفتر میں اجلاس منعقد کیا۔ SIR کے معاملے پر کمیشن کے اندر اختلافات کی اطلاعات کے درمیان یہ اجلاس اہمیت اختیار کرگیا۔ اجلاس کے بعد کمیشن نے اپنے فیصلوں سے متعلق وضاحت جاری کی۔

 

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ بہار، مغربی بنگال سمیت 20 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں SIR کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ جن اہل افراد کے نام ووٹر فہرست میں شامل نہیں ہوسکے، بالخصوص نوجوانوں اور پہلی مرتبہ ووٹ دینے والے افراد کو مسلسل نظرثانی کے عمل کے تحت متعلقہ الیکٹورل رجسٹریشن افسر (ERO) سے رجوع کرتے ہوئے ووٹر بننے کے لیے درخواست دینے کا موقع حاصل ہوگا۔ کمیشن نے چیف الیکٹورل افسران کو اس سلسلے میں ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔

 

کمیشن نے کہا کہ ایسے ووٹروں کے اندراج کے لئے انتخابی عہدیدار خصوصی مہم بھی شروع کریں گے۔ کمیشن کے مطابق SIR سے متعلق گزشتہ برس 24 جون کو جاری کئے گئے احکامات کمیشن کی متفقہ منظوری سے جاری ہوئے تھے۔ کمیشن نے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ نے اس عمل سے متعلق کمیشن کے اختیار کو برقرار رکھا ہے۔

 

گوا میں 97 اہل افراد کے نام حتمی ووٹر فہرست میں شامل نہ ہونے کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے بتایا کہ گوا کے چیف الیکٹورل افسر نے متعلقہ بوتھ لیول افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایسے اہل افراد سے درخواستیں حاصل کرنے کے لئے گھر گھر جائیں۔ کمیشن کے مطابق ان 97 افراد میں سے 81 نے پہلے ہی فارم-6 داخل کردیا ہے۔

 

کمیشن نے واضح کیا کہ ووٹر فہرست میں نام شامل کرنے یا اندراج سے متعلق درخواستوں کے لئے متعلقہ انتخابی افسران کے ذریعہ کارروائی جاری رہے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button