دھوم دھام سے منائی گئی کتے کی سالگرہ 500 لوگوں کی دعوت 30 پکوان

نئی دہلی: یہ کسی مشہور شخصیت کی سالگرہ نہیں تھی لیکن اس کیلئے کئے گئے انتظامات نے سب کو چونکا دیا۔ "الیکس” نامی پالتو کتے کی سالگرہ اس کے مالک نے بڑے ہی دھوم دھام سے
منائی۔تقریب میں ملک کی مختلف 10 ریاستوں سے 500 سے زائد مہمان شریک ہوئے جن کی خدمت میں 30 سے زیادہ قسم کے لذیذ پکوان پیش کیے گئے۔ خاص بات یہ کہ الیکس کی سالگرہ پر 11 کلو وزنی کیک کاٹا گیا۔
اتر پردیش کے میرٹھ ضلع کے گنگا نگر سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر شمیم احمد جانوروں سے محبت کرتے ہیں۔ وہ اس وقت ٹرانس لام ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں اور کئی برسوں سے جانوروں کی خدمت میں پیش پیش ہیں۔
پانچ برس قبل جب کورونا وبا عروج پر تھی ڈاکٹر شمیم نے الیکس نامی کتہ کو سڑک پر زخمی حالت میں تنہا دیکھا۔ وہ اسے اپنے گھر لے گئے اور ایک ویٹرنری ڈاکٹر سے اس کا علاج کروایا۔ وقت کے ساتھ الیکس
صحت یاب ہوا اور تب سے ڈاکٹر شمیم کے ساتھ ہی مقیم ہے۔ انھوں نے اس کتے کی دھوم دھام سے سالگرہ منائی جسے دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ پروفیسر شمیم نے شادی نہیں کی۔ ان کی بہن بھی جانوروں کی فلاح و بہبود کے کام سے وابستہ ہیں اور بیرون ملک رہ کر جانوروں کی فلاح کے پروگرام چلا رہی ہیں۔