اسپشل اسٹوری

نکاح یا نیلامی؟ ایک کروڑ ایک لاکھ گیارہ ہزار نقد!‘‘ نکاح کی محفل میں جہیز کا سرعام اعلان، ویڈیو نے سوشل میڈیا پر مچایا ہنگامہ

نیہ دہلی –  دہلی کی ایک شاہانہ شادی کا ویڈیو گزشتہ دو دنوں سے سوشل میڈیا پر طوفان بن کر چھایا ہوا ہے، جہاں نکاح کی تقریب میں جہیز کا سرعام ایسا اعلان کیا گیا کہ سننے والے بھی حیران رہ گئے۔ وائرل ویڈیو میں ایک شخص مجمع کے درمیان بلند آواز میں دلہن والوں کی جانب سے دی گئی نقد رقم، زیورات، قیمتی گاڑیوں اور دیگر تحائف کی تفصیلات بیان کرتا دکھائی دے رہا ہے۔

 

معروف جرنلسٹ ذاکر علی تیاگی نے اس ویڈیو کو ایکس پر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ دلہن کے والد فیاض کا چند برس قبل انتقال ہوچکا تھا، جبکہ دلہن کا خاندان دہلی کے ویسٹ ونود نگر اور دولہا کا خاندان کھجوری علاقے سے تعلق رکھتا ہے۔

 

اطلاعات کے مطابق شادی میں ایک کروڑ ایک لاکھ گیارہ ہزار روپے نقد، 11 ہیرے کے زیورات، درجنوں سونے اور چاندی کے زیورات سمیت بھاری جہیز دیا گیا، جسے BMW کار میں بھر کر روانہ کیا گیا۔ یہی نہیں بلکہ دولہے کے قریبی رشتہ داروں کو بائیکس جبکہ دولہے کو پلاٹس اور دیگر جائیدادیں دیے جانے کی بھی خبریں سامنے آئی ہیں۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ شادی کروانے والے مبینہ دلال کو 27 لاکھ روپے مالیت کی اسکارپیو N گاڑی تحفے میں دی گئی۔ مزید حیرت انگیز بات یہ رہی کہ جہیز میں دیے گئے سامان کا مجمع میں اعلان کرنے کے لیے ’’امید پہلوان‘‘ نامی شخص کو خصوصی طور پر بلایا گیا، جو ایسے اعلانات میں ماہر مانا جاتا ہے۔

 

سوشل میڈیا پر اس شاہانہ جہیز اور نمائش پر شدید بحث چھڑ گئی ہے۔ ویڈیو دیکھنے والوں کی بڑی تعداد نے اسے ’’جہیز کی نمائش‘‘ اور ’’شادی کے نام پر کاروبار‘‘ قرار دیا، جبکہ کئی افراد نے اس پر سخت تنقید بھی کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button