جنرل نیوز

12 ربیع الاول کو مکہ مسجد سے بعد نماز ظہر مرکزی میلاد جلوس نکالا جائے گا

12ربیع الاول کو مکہ مسجد سے بعد نماز ظہر مرکزی میلاد جلوس نکالا جائے گا

جلوس میں ادب و احترام ملحوظ رکھیں، خرافات سے بچیں۔ مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کے ذمہ داران کی پریس کانفرنس 

 

حیدرآباد 14 اگست (پریس نوٹ) مرکزی میلاد جلوس کمیٹی حیدرآباد کے زیراہتمام چہارشنبہ 12 ربیع الأول 26 اگست کو بعد نماز ظہر تاریخی مکہ مسجد سے مرکزی میلاد جلوس نکالا جائے گا۔ اس جلوس میں ہزاروں کی تعداد میں شمع محمدیؓ کے پروانے عشق و محبت کے ساتھ شرکت کریں گے اور حضور پاکؐ کے ساتھ اپنی سچی اور پکی عقیدت کا ثبوت دیتے ہوئے نعت پاک اور درود شریف کے نذرانے پیش کرتے چلیں گے۔ بعد نماز ظہر مکہ مسجد کے پاس مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ جانشین حضرت سلطان الواعظینؒ دعا کے بعد سبز جھنڈی دکھاکر جلوس کو روانہ کریں گے۔ جناب میر ذوالفقار علی رکن اسمبلی چارمینار مہمان خصوصی ہوں گے۔ اس جلوس میں شامل ہونے والی تنظیموں اور مذہبی اداروں کے ذمہ داران اپنے متعلقہ مقامات سے جلوس لے کر مکہ مسجد پہنچیں گے،

 

جس کے بعد نماز ظہر ہوگی اور مرکزی جلوس روانہ ہوگا۔ حضور اکرمؐ کی میلاد پاک سے منسوب اس جلوس میں شامل ہونے والوں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ باادب باوضو جلوس میں شرکت کریں۔ نبی کریمؐ کی نعتیں گنگنائیں، نعرہ تکبیر اللہ اکبر، نعرہ رسالت یارسول اللہؐ کی صدائیں لگائیں تاکہ جلوس کا تقدس برقرار رہے۔ مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کے صدر مولانا سید شیخن قادری شطاری کامل پاشاہ، کنوینر جلوس مولانا حافظ محمد مظفر حسین خان بندہ نوازی نے آج گلشن مدینہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ان خیالات کا اظہار کیا۔

 

اس موقع پر معتمد کمیٹی مولانا سید قادر محی الدین قادری جنید پاشاہ زرین کلاہ، شریک معتمد کمیٹی مولانا سید شاہ محمد سیف اللہ حسینی قادری الباقری سیف پاشاہ، شریک کنوینر مولانا سید احمد الحسینی سعید قادری، معتمد تشہیری کمیٹی مولانا ڈاکٹر شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ، کمیٹی کے ارکان مولانا سید معین الدین حسینی سعدی پاشاہ، مولانا شیخ فرید الدین زاہد چشتی کے علاوہ سابق کارپوریٹرس جناب مرزا مصطفیٰ بیگ سلیم اور جناب علی شریف اعظم بھی موجود تھے۔

 

مولانا حافظ مظفر حسین خان نے کہا کہ جلوس کی نسبت حضور پاکؐ سے ہے، اس لیے جلوسیوں پر لازم ہے کہ وہ ادب اور احترام کو ملحوظ رکھیں، کسی بھی قسم کی خرافات میں حصہ نہ لیں۔ اگر کوئی اس طرح کی حرکت کرتے ہیں تو انہیں حضور پاکؐ کی نسبت کا واسطہ دے کر اس طرح کی حرکتوں سے باز رکھنے کی کوشش کریں

 

۔ نوجوانوں کو سڑکوں پر رقص اور گاڑیوں پر غیر اخلاقی حرکات سے باز رکھنے کی کوشش کریں گے۔ گذشتہ تقریباً دو دہوں سے مرکزی میلاد جلوس پابندی کے ساتھ مکہ مسجد سے نکالا جارہا ہے۔ حضور اکرمؐ کے پیام امن و محبت کو عام کرنے، اہل ایمان کے ساتھ دیگر برادران وطن کو بھی اسلامی تعلیمات سے واقف کروانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button